ورلڈ کپ: پاکستانی ٹیم کو سیمی فائنل تک رسائی میں کیسے معجزہ ہوسکتا ہے؟ شاداب خان نے بتا دیا

قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان فائل فوٹو قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان

قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو یقین ہے کہ ورلڈ کپ میں ان کی واپسی کے لیے معجزہ ہوسکتا ہے جہاں قومی ٹیم کو سیمی فائنل تک رسائی کے لیے مشکلات کا سامنا ہے۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق شاداب خان نے کہا کہ ہم نے تینوں شعبوں بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں ناقص کارکردگی دکھائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اچھی کرکٹ نہیں کھیلی ہے لیکن اس طرح کی صورت حال سے واپسی کی ہے۔

پاکستان کو ورلڈ کپ میں ابھی چار میچز کھیلنے ہیں اور سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات ہیں لیکن غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

جمعے کو پاکستان کا مقابلہ ایونٹ کی مضبوط ٹیموں میں سے ایک جنوبی افریقہ سے ہوگا۔

جنوبی افریقہ سے کامیابی کی صورت میں انہیں اپنا رن ریٹ بھی بہتر کرنا ہوگا، جس سے انہیں سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے موقع ملے گا۔

شاداب خان نے کہا کہ اگر آپ یقین کرتے ہوں تو معجزہ ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس طرح نہیں کھیلا جس طرح ورلڈ کپ سے پہلے کھیلتے تھے لیکن کل سے ہمیں جیت کی روایت بحال کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب آپ ایسی صورت حال میں ہوتے ہیں تو میرے خیال میں دباؤ کم ہوتا ہے کیونکہ آپ کے پاس ہارنے کے لیے کچھ نہیں ہوتا ہے۔

شاداب خان بھی قومی ٹیم کے ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے ورلڈ کپ میں اب تک خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا ہے۔

25 سالہ لیگ اسپنر نے اب تک صرف دو وکٹیں حاصل کی ہیں اور بیٹنگ میں 74 رنز بنائے ہیں اور اسی لیے انہیں آسٹریلیا کے خلاف میچ سے باہر کیا گیا تھا تاہم افغانستان کے خلاف ٹیم میں شامل تھے۔

شاداب خان نے افغانستان کے خلاف میچ میں 40 رنز بنائے تھے لیکن ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم انہوں نے کہا کہ جب آپ کارکردگی نہیں دکھا رہے ہوں تو تنقید جائز ہوتی ہے لیکن کھلاڑیوں کی کارکردگی میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے تو میں مطمئن ہوں کہ میں بہتری لاؤں گا۔

انہوں نے افغانستان کے خلاف اپ سیٹ شکست پر کہا کہ ہم اس ہار کو پیچھے چھوڑ آئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ فتح سے تنقید ختم ہوگی، جو ورلڈ کپ مقابلوں میں بھارت سے ہونے والی آٹھویں شکست کے بعد شروع ہوئی تھی۔

قومی ٹیم کے نائب کپتان نے کہا کہ میں کھلاڑیوں سے ہمیشہ کہتا ہوں کہ اگر آپ ورلڈ کپ کی طرح کے کسی ٹورنامنٹ کے لیے جارہے ہوں تو آپ کو سوشل میڈیا سے دور ہوجانا چاہیے۔

شاداب خان نے کہا کہ اگر آپ اچھی کارکردگی دکھا رہے ہوں تو ہر کوئی یہ کہتا ہے کہ وہ اچھا کر رہا ہے لیکن اگر آپ کی کارکردگی بہتر نہ ہوتو پھر وہی لوگ کہتے ہیں وہ اچھا کھلاڑی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ رویے ہوتے ہیں جب کوئی ٹیم میں نہیں ہوتا ہے پھر وہ بہترین ہوتے ہیں اور جب کوئی ٹیم میں ہوتا ہے تو پھر وہ برے ہوتے ہیں۔

دوسری جانب اہم میچ سے قبل پاکستان ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی بیمار ہو کر میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے بیان میں کہا کہ حسن علی کل جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ وہ صحت یاب ہو رہے ہیں اور اگلے میچوں سے قبل انہیں آرام کا وقت دیا جائے گا۔

install suchtv android app on google app store