آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے بھارت میں موجود پاکستانی ٹیم کا حیدرآباد دکن سے احمد آباد پہنچنے پر ہوٹل میں شاندار استقبال کیا گیا۔
کرکٹ ورلڈکپ کیلئے بھارت میں موجود پاکستانی ٹیم حیدرآباد دکن سے احمد آباد پہنچی جس پر قومی ٹیم کا ہوٹل میں شاندار استقبال کیا گیا اور کھلاڑیوں کو روایتی شال پیش کی گئی۔
اس سے قبل چارٹر فلائٹ میں قومی ٹیم نے کیک کاٹ کر سری لنکا کے خلاف جیت کا جشن منایا اور افتخار احمد نے کھلاڑیوں کا منہ میٹھا کروایا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف بھی آج بھارتی کرکٹ بورڈ کی دعوت پر بھارت روانہ ہوں گے جہاں وہ 14 اکتوبر کو احمد آباد میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈ کپ میچ کے موقع پر پاکستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کیلئے موجود ہوں گے۔
ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ وہ اس اہم موقع پر اپنی ٹیم کی سپورٹ کو بہت ضروری سمجھتے ہیں، پاکستانی ٹیم اپنی سخت محنت اور جذبے سے اس مرحلے تک پہنچی ہے اور انہیں امید ہے کہ وہ اپنی بہترین کارکردگی سے ہمیں فخرکرنے کا موقع فراہم کرے گی۔