انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین گریگ بارکلے اور چیف ایگزیکٹو جیف ایلارڈائس 30 مئی (منگل) کو دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق گریگ بارکلے، 2008 میں آئی سی سی کے صدر رے مالی کے دورے کے بعد پاکستان کا دورہ کرنے والے پہلے آئی سی سی چیئرمین ہوں گے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ اکتوبر 2004 کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب آئی سی سی کے دونوں اعلیٰ عہدیداران ایک ساتھ پاکستان کرکٹ ہیڈکوارٹرز کا دورہ کریں گے۔
پی سی بی نے مزید کہا کہ جیف ایلارڈائس نے پہلے آئی سی سی کے جنرل منیجر (کرکٹ) اور پھر بطور آئی سی سی چیف ایگزیکٹو باقاعدگی سے ملک کا دورہ کیا ہے۔
دونوں عہدیداران منگل (30 مئی) کی صبح لاہور پہنچیں گے اور پی سی بی مینیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی، پی سی بی کے چیف آپریٹنگ افسر بیرسٹر سلمان نصیر اور بورڈ کے دیگر حکام سے ملاقات کریں گے۔