نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 میچز کی سیریز کے آخری ون ڈے میں47 رنز سے شکست دے دی، البتہ گرین شرٹس نے سیریز 1-4 سے اپنے نام کرلی۔
کراچی میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ کے 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 252 رنز بناسکی، افتخار احمد 94 اور آغا سلمان 57 رنز بناکر نمایاں رہے۔
آخری ون ڈے میں شکست کے ساتھ ہی پاکستان ٹیم جس نے 2 دن پہلے سیریز کا چوتھا میچ جیت کر آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی، وہ نمبر ون پوزیشن سے ہاتھ دھو بیٹھی اور تیسری پوزیشن پر آگئی۔
کراچی میں کھیلے گئے آخری ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیتا اور بابر اعظم کو بولنگ کی دعوت دی۔
کیویز کی پوری ٹیم 50 ویں اوور میں 299 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، ول ینگ 87 اور کپتان ٹام لیتھم 59 رنز بناکر نمایاں رہے۔
آخری ون ڈے کے لیے پاکستان کی جانب سے شان مسعود، فخر زمان، بابر اعظم، محمد رضوان، افتخار احمد، سلمان علی آغا، شاداب خان، اسامہ میر، شاہین شاہ آفریدی، وسیم جونیئر اور حارث رؤف ٹیم کا حصہ تھے۔
نیوی لینڈ کی ٹیم میں کپتان ٹام لیتھم ، وِل ینگ ، ٹام بلنڈل ، ہینری نکلز ،کول مکونچی، مارک چیپمین ، ایڈم ملنے ، ہینری شپلے ، ایش سوڈھی اور میٹ ہینری شامل تھے۔