قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے کہا ہے کہ ون ڈے میچوں میں 5 نمبر پر کھیلنے سے خوش نہیں ہوں، کپتان اور کوچ کا پلان ہے کہ میں 5 پر کھیلوں، خواہش ہے نمبر 4 پر ہی کھیلوں۔ ہمیشہ سے قربانی دے رہا ہوں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وکٹ کیپر بلے باز نے کہا کہ پرانی چیزوں کو بھول کر آگے آنے والی چیزوں کو دیکھ رہے ہیں، یہاں پر مختلف ماحول صرف اچھی کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں، راولپنڈی میں کنڈیشن مختلف ہوتی ہے وہاں پر زیادہ رنز بنتے ہیں، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ون ڈے کی جو ڈیمانڈ ہے اس طرح سے کھیلیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر گراٶنڈ کی کنڈیشن الگ ہے ہم اس کے مطابق پلان کر رہے ہیں، ہمارا ہدف ہے ون ڈے میں 350 رنز کا دماغ میں لے کر چلیں ، ہم چاہتے ہیں ورلڈکپ مشن میں پوری قوم ہمارے ساتھ ہو، اگر کوٸی درست تنقید کر رہا ہے تو اس میں پاکستان کی بہتری ہوگی۔
محمد رضوان نے کہا کہ ہر نمبر کی اپنی ڈیمانڈ ہے، بابر اعظم افتخار احمد کے نمبر پر نہیں کھیل سکتا اور افتخار احمد بابر اعظم کے نمبر پر نہیں کھیل سکتا، 5 نمبر پر کھیلنے سے میں خوش نہیں ہوں، میں 4 نمبر پر کھیلنا چاہتا ہوں۔ لیکن جو کپتان اور کوچ کا پلان ہے کہ میں 5 پر کھیلوں، میں اسٹیٹس وغیرہ نہیں دیکھتا میری خواہش یہی ہے کہ 4 پر کھیلوں۔ ہمیشہ سے قربانی دے رہا ہوں کبھی کسی سے شکوہ نہیں کیا، میرے لیے اہم چیز صرف پرفارمنس ہے۔