چئیرمین پاکستان تحریک انصاف اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان نے ایک انٹرویو میں بابراعظم کو شاندار بلے باز قرار دے دیا۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ طویل عرصے بعد بابراعظم کے روپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم میں کوئی بلے باز دیکھا جس نے اپنی کارکردگی سے دنیا کو متوجہ کیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ میں نے جو دیکھا ہے کہ یہ جو ہمارا کپتان ہے یہ بہت آؤٹ اسٹینڈنگ بیٹسمین ہے، میں نے بڑی دیر کے بعد ایسا کوالٹی کا بیٹسمین دیکھا ہے، میں نے ہر طرح سے اس کا جائزہ لیا ہے کیونکہ میں بولر کی حیثیت سے بولر کا جائزہ لیتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بابراعظم کی تیکنیک زبردست ہے اس میں ٹیلنٹ بھی ہے ٹمپرامنٹ بھی، تین چیزیں ہی ہوتی ہیں، تیکنیک، ٹمپرامنٹ اور ٹیلنٹ، یہ بڑا کم ہوتا ہے کہ تینوں چیزیں بیٹسمین میں ہوں لیکن بابر میں تینوں چیزیں ہیں اس میں پوٹینشل ہے یہ سب سے آگے جائے گا۔