پنجاب میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کے میچز کا تنازع حل کی جانب گامزن ہونے لگا ہے۔
چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے رابطہ کیا ہے، انہوں نے وزیر اعظم کو سیکیورٹی کی مد میں پیسے نہ دینے کے حوالے سے بتایا ہے۔
ذرائع کے مطابق نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل قومی ایونٹ ہے اس کا انعقاد قومی اداروں کی ذمے داری ہے، پیسوں کے مطالبے سے دستبردار نہ ہوئے تو میچز کراچی میں کرانے پر مجبور ہوں گے۔
دوران گفتگو نجم سیٹھی نے وزیر اعظم کو نگران پنجاب حکومت کے رویے سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہ میچز کراچی منتقل کرنا ایک مشکل فیصلہ ہو گا لیکن بورڈ مجبوری میں یہ فیصلہ کرے گا۔
وزیراعظم نے نجم سیٹھی کو ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ پی ایس ایل قومی ایونٹ ہے،آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
واضح رہے کہ نگراں پنجاب حکومت نے ملتان ، لاہور اور راولپنڈی میں پی ایس ایل 8 کے میچز کے لئے مختلف مدات میں 50 کروڑ روپے مانگے تھے۔ جن میں سے 5 کروڑ روپے پی سی بی نے ادا کردیئے۔
پی سی بی کا موقف ہے کہ کراچی میں میچز کے اخراجات سندھ حکومت ادا کرتی ہے، سندھ حکومت نے اب تک پی سی بی سے کچھ بھی نہیں مانگا تو پنجاب حکومت بھی رقم کا تقاضا نہ کرے۔