سُسر جی کو آؤٹ کرنا بہترین احساس تھا: شاہین آفریدی

سُسر جی کو آؤٹ کرنا بہترین احساس تھا: شاہین آفریدی فائل فوٹو سُسر جی کو آؤٹ کرنا بہترین احساس تھا: شاہین آفریدی

قومی ٹیم کے دو فاسٹ بولرز اور بیسٹ فرینڈز حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی کی دلچسپ ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں حارث شاہین سے ہونے والے سُسر سے متعلق چھیڑ رہے ہیں۔گزشتہ روز شاہین اور حارث سمیت لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے لاہور کی یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا جہاں بولرز نے اپنے مداح طالب علموں سے مزاحیہ گفتگو کی اور سوالات کے جواب دیے۔

ایک مداح نے شاہین سے سوال کیا کہ کرکٹ میں وہ کس سے متاثر ہوئے یا ان کے لیے رول ماڈل (مثالی شخصیت) کون ہے؟

جواب میں شاہین نے مسکراتے ہوئے کہا کہ کرکٹ میں ہر کسی کا کوئی نا کوئی رول ماڈل ہوتا ہے، میرے بھی ہیں، سب سے پہلے بڑے بھائی ریاض آفریدی اور پھر شاہد آفریدی۔

فاسٹ بولر کے جواب پر جہاں مداحوں نے تالیاں بجائیں اور خوشی سے نعرے لگائے وہیں حارث کو مستی سوجھی، انہوں نے فوراً شاہین سے مائیک لے کر کہا 'کوئی اور ہو نا ہو، شاہد آفریدی تو ضرور اس کے رول ماڈل ہیں'۔

یہ کہتے ہی حارث اور شاہین قہقہہ لگاکر ہنس پڑے جب کہ اسٹیج پر موجود دیگر لوگ بھی ہنسنے لگے۔

اس کے علاوہ ایک اور مداح نے شاہین سے ان کے پسندیدہ انٹرنیشنل وکٹ کے بارے میں پوچھا جس پر حارث نے فوراً جواب دیا کہ شاہین کی پسندیدہ وکٹ بھارتی بیٹر کے ایل راہول کی تھی۔

بعدازاں شاہین نے جواب دیا 'میں نے ایک مرتبہ سسر جی کو آؤٹ کیا تھا، انہیں آؤٹ کرنے کا احساس بہترین تھا،کیونکہ میں نے اپنے رول ماڈل اور ہیرو کو آؤٹ کیا تھا، ہر بندے کا خواب ہوتا ہے کہ اپنے ہیرو کو آؤٹ کرے'۔

 

install suchtv android app on google app store