پی ایس ایل میں کوشش ہوگی کہ شاہد آفریدی کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں: سرفراز احمد

سرفراز احمد اور شاہد آفریدی فائل فوٹو سرفراز احمد اور شاہد آفریدی

پاکستان سپر لیگ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان، وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ان کے لیے ذاتی اہداف سے زیادہ اہم ٹیم کی جیت ہے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ٹرافی جیتے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں کم بیک اور جگہ حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ کھلاڑی ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں پرفارم کرے اس لیے پی ایس ایل ان کے لیے اہم ہے اور وہ اس ٹورنامنٹ میں اچھی سے اچھی کارکردگی دکھاکر کوئٹہ کو جتوانے کی پوری کوشش کریں گے، گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ٹورنامنٹ جیتنے کا ارادہ لیے ہی میدان میں اترے گی۔

ٹیم کی تشکیل پر بات کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ اس بار گلیڈی ایٹرز کی ٹیم بہت بیلنسڈ ہے، ڈرافٹ میں اچھے پلیئرز آئے ہیں ،ٹریڈنگ بھی کافی اچھی ہوئی ہے، اسکواڈ میں شاہد آفریدی ہیں، سہیل تنویر ہیں، جیسن روئے بھی، جیمز وینس بھی ، یوں گلیڈ ایٹرز میں تجربہ کار اور نوجوان پلیئرز کا اچھا کامبی نیشن ہے، کوشش کریں گے کہ پلیئرز کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں اور ٹورنامنٹ جیتیں۔

سرفراز احمد نے کہا کہ شاہد آفریدی کا ہونا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے کافی فائدہ مند ہوگا، ان کی بہت خدمات ہیں، کوشش ہوگی کہ شاہد آفریدی کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں۔

گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے خواہش ظاہر کی کہ شاہد آفریدی اپنے آخری پی ایس ایل کو اچھے نوٹ پر مکمل کریں اور جاتے جاتے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جتواتے جائیں۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ گلیڈی ایٹرز کے سارے کھلاڑی میچ ونر ہیں، کسی ایک کو ٹرمپ کارڈ نہیں کہہ سکتے ، سب فارم میں ہیں اہم بات ہے کہ ہم جلدی کامبینیشن بن جائے ،کوشش ہوگی کہ بہترین کامبینیشن کے ساتھ گراونڈ پر جائیں۔

ٹیم پلیئرز کے اسٹیٹس بتاتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ جیمز فوکنر پاکستان پہنچ چکے ہیں، بین ڈکٹ بھی کورونا سے صحتیاب ہو گئے ہیں اور جلد ٹیم جوائن کرلیں گے، بین لاورنس بھی آرہے ہیں، امید ہے لیوک ووڈ اور ہیٹمائر جلدی ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹیم کے مینٹور ویو رچرڈز بھی جلد پاکستان پہنچ جائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ ویو رچڑز کی موجودگی ٹیم کے لیے کافی اہم ہوتی ہے، خاص طور پر ان مواقعوں پر جب ٹیم گری ہوئی ہوتی ہے ایسے میں ان کی باتیں مورال بلند کرتی ہیں۔

install suchtv android app on google app store