مال گاڑی حادثے کا شکار، ٹریک کو نقصان پہنچا اور سلیپرز بھی ٹوٹ گئے

مال گاڑی حادثہ فائل فوٹو مال گاڑی حادثہ

سمہ سٹہ کے قریب کوئلے سے بھری مال گاڑی ٹریک سے اترگئی، حادثے کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے۔

حادثہ بہاولپور کے علاقے سمہ سٹہ کے قریب اس وقت پیش آیا جب یوسف والا جانے والی مال گاڑی کی تین بوگیاں ٹریک سےاترگئیں، حادثے کے باعث ٹریک کو نقصان پہنچا اور سلیپرز بھی ٹوٹ گئے۔

واقعےکی اطلاع ملتےہی امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں ہیں، مال گاڑی ٹریک سے اترنے کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ جلد ہی بوگیوں کو ٹریک سے ہٹاکر آمدورفت کو بحال کردیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ سات مارچ کو صوبہ سندھ کی تحصیل پنوں عاقل کے قریب رات گئے کراچی ایکسپریس کی نو بوگیاں ٹریک سے اترنے کے بعد الٹ گئیں جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جب کہ 40 افراد زخمی ہوئے تھے۔

کراچی ایکسپریس ٹرین حادثے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ٹریک کی خستہ حالی کے باعث کراچی ایکسپریس کی بوگیاں ڈی ریل ہوئیں تھیں، رپورٹ کے مطابق 490 کلو میٹر پر ڈیڑھ فٹ ٹریک کا ٹکڑا ٹوٹا ہوا پایا گیا، کوچ نمبر 12306 اور 12412 کے درمیان کپلنگ ٹوٹا ہوا تھا، ٹریک کمزور ہونے کے باعث انجینئرنگ رکاوٹ اور اسپیڈ 65 کلو میٹر مقرر تھی۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ڈرائیور نے کاشن انڈیکیٹر کا مشاہدہ کیا اور اسپیڈ 65 کلو میٹر پر کنٹرول کے لیے بریک لگایا، ٹرین 2402 فٹ گھسیٹی گئی جو ظاہر کرتی ہے کہ اوور اسپیڈ تھی۔

install suchtv android app on google app store