مستحق افراد کی امداد کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا: بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری فائل فوٹو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ کوئی ایک مستحق بھی کہیں بھوکا نہ رہ جائے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں سندھ حکومت کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ناصر شاہ، امتیاز شیخ اور مرتضی وہاب نے شرکت کی جب کہ سعید غنی اور حارث گزدر وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

اجلاس میں مستحق افراد کی نشان دہی اور ان تک رسائی کی منصوبہ بندی پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعلی مرادعلی شاہ نے بلاول بھٹو زرداری کو حکومت کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

مزید جانیے: سندھ حکومت کا جیلوں سے قیدیوں کو عارضی رہائی دینے کا فیصلہ، سنگین مقدمات کے مجرموں پر یہ رعایت نہیں ...

بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی کہ لاک ڈاؤن کا عمل طویل ہونے کی صورت میں سندھ حکومت کے پاس مکمل منصوبہ بندی ہونا چاہیے، سندھ حکومت ایک ایک مستحق کے گھر پہنچے، سندھ حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ کوئی ایک مستحق بھی کہیں بھوکا نہ رہ جائے، مستحق افراد کی امداد کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔

ہمیں ایک ایسا نظام بنانا ہوگا کہ حکومت، فلاحی ادارے اور مخیر حضرات ایک پلیٹ فارم سے مستحقین کی مدد کریں۔ سندھ حکومت نے مستحق افراد کی امداد کا انتہائی مؤثر اور ایک بہترین نظام بنایا ہے، مخیر حضرات اور فلاحی ادارے سندھ حکومت کے بازو بن کر زیادہ مؤثر ثابت ہوسکتے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: کورونا وائرس کو ملنے لگی شکست، 28 مریض صحتیاب جبکہ متاثرین کی تعداد 1526 تک پہنچ گئی

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارے ڈاکٹرز کورونا ایمرجنسی سینٹرز اور اسپتالوں میں بہترین کام کررہے ہیں، سندھ میں کورونا سے مشتبہ افراد کی زیادہ سے زیادہ اسکریننگ کا عمل جاری رکھا جائے، میرے نزدیک سب سے اہم اپنے عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کورونا وائرس کے بحران سے ہم سب کو مل کر لڑنا ہوگا، اگر آپ کسی ایک شخص کی مدد کرسکتے ہیں تو آگے بڑھیں اور اس بحران میں اپنا کردار ادا کریں، اگر کوئی اپنے پڑوسی کی بھی مدد کرسکتا ہے تو وہ بھی اس سخت وقت میں اپنا حصہ ڈالے۔

install suchtv android app on google app store