وزیراعلیٰ سندھ کا کراچی سمیت صوبے بھر میں 15 روز کیلئے لاک ڈاؤن کا اعلان

وزیراعلیٰ سندھ مراد علیٰ شاہ فائل فوٹو وزیراعلیٰ سندھ مراد علیٰ شاہ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آج رات بارہ بجے سے کراچی سمیت سندھ بھر میں لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے 15 روز کے لئے لاک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام دفاتر اور اجتماع گاہیں بند ہوں گی، لوگوں کو بلاضرورت گھرسے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی، قانون نافذ کرنے والے ادارے ضرورت کے تحت باہر نکلنے والوں کو اجازت دیں گے، ایک گاڑی میں ایک ڈرائیور کے ساتھ صرف ایک شخص سفر کر سکے گا۔

مراد علی شاہ نے حکم دیا کہ اگر کوئی شخص کسی کام سے نکلے گا تو وہ اپنے پاس قومی شناختی کارڈ رکھے، کوئی شخص بیمار ہے تو اس کو اسپتال منتقل کیا جاسکتا ہے، اسپتال جانے کے لیے 3 افراد یعنی مریض، ڈرائیور اور تیماردار جاسکتا ہے، احتیاطی تدابیر کے ساتھ ضروری سروسز اور کھانے پینے کی چیزوں کی سپلائی جاری رہے گی، ہم مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کو روکیں گے، جب ہم سختی کریں گے تو مسئلے مسائل ہوں گے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس سے ہر سُو بےچینی کا عالم، ملک بھر میں متاثرین کی تعداد 646 ہوگئی

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اگر عوام نے ساتھ نہیں دیا تو ہماری پوری محنت رائیگاں جائے گی، ہم لاک ڈاؤن کے دوران اپنی طبی سہولیات کو بہتر کریں گے، مخیر حضرات غریبوں کی امداد کے لئے آگے آئیں، میں وفاقی حکومت کا شکر گزار ہوں جو میری بھرپور مدد کررہی ہے، میں تمام سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنماؤں کا بھی شُکر گزار ہوں کہ وہ تعاون کررہے ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ افواہوں سے بچنے کے لئے سندھ حکومت کا ایک فیس بک پیج اور ٹوئیٹر اکاؤنٹ ہوگا جہاں سے سندھ حکومت کی تمام ہدایات ملیں گی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کی جن میں مسلم لیگ ن کے محمد زبیر، پی ٹی آئی کے فردوس شمیم نقوی اور حلیم عادل شیخ، اے این پی کے سینیٹر شاہی سید، جی ڈے اے کے نند کمار اور شہریار مہر، ٹی ایل پی کے یونس سومرو، جماعتِ اسلامی کے حافظ نعیم الرحمٰن، ایم کیو ایم کے عامر خان، جی یو آئی (ایف) محمد اسلم غوری، پی پی کے وقار مہدی اور راشد ربانی،صوبائی وزراء عذرا فضل پیچوہو، سعید غنی، سید ناصر شاہ اور ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب موجود تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے تمام سیاسی رہنماؤں کو کورونا وائرس کی صورتحال سے آگاہ کیا اور لاک ڈاؤن کے فیصلوں کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک قومی ایمرجنسی ہے اور ہم سب کو اس میں ساتھ فیصلے کرنے ہیں۔

 

 

install suchtv android app on google app store