ایم کیو ایم سیاسی دباؤ سے نکلنے کے لیے نیا صوبہ بنانے کا نعرے لگاتی ہے: سعید غنی

صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی اسکرین گریب صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی

صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ نیا صوبہ بنانے کی قرارداد ایم کیو ایم پہلے اسمبلی میں تو لے کر آئے، صوبائی اسمبلی موجود ہے اگر اتنی ہمت ہے تو نئے صوبے کا معاملہ وہاں لے کر آئیں۔ 

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات نے چوہدری اسلم کے گھر جا کر ان کے بھائی کی وفات پر اہل خانہ سے تعزیت کی، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آئین میں صوبے بنانے کا طریقہ کار درج ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے علاوہ کسی جماعت نے صوبے کی بات نہیں کی، ایم کیو ایم سیاسی دباؤ سے نکلنے کے لیے ایسے نعرے لگاتی ہے۔

وزیر بلدیات سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں اپوزیشن مضبوط نہیں ہو رہی، پیپلز پارٹی کے ووٹ بڑھے ہیں، پیپلز پارٹی کارکنوں کی قربانیوں سے آج بھی زندہ ہے۔

سعید غنی نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو تمام معاملات پر کھل کر بات کر رہے ہیں، انھوں نے کہا تھا کہ ہم بتائیں گے اپوزیشن کیا ہوتی ہے، عالمی یا ملکی امور پر بلاول بھٹو بلا جھجک بات کر رہے ہیں، جن کو میڈیا پر آواز نہیں مل رہی بلاول بھٹو ان کی آواز بنے ہیں۔

یاد رہے کہ باغ جناح گراؤنڈ میں ایم کیو ایم کے جلسے میں ’سندھ میں ہوگا کیسے گزارا، آدھا تمھارا آدھا ہمارا‘ کا نعرہ بھی لگایا گیا، جب کہ فاروق ستار تسلسل کے ساتھ علیحدہ صوبے کی بات کرتے رہتے ہیں۔

install suchtv android app on google app store