کراچی: کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) کی تمام چارجڈ پارکنگ سائٹس پر آج سے پارکنگ کی سہولت مکمل طور پر مفت کر دی گئی ہے۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے اعلان کے مطابق شہریوں سے پارکنگ فیس وصول نہ کرنے کا فیصلہ باضابطہ طور پر نافذالعمل ہو گیا ہے۔
میئر کراچی نے رواں سال فروری میں پارکنگ فیس ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ کے ایم سی شہریوں پر فیس کا بوجھ نہیں ڈالے گی، اور اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کے ایم سی کو سالانہ 4 سے 5 کروڑ روپے کی پارکنگ فیس کی کوئی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ ادارہ اب مالی طور پر خود کفیل ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شہر کی 106 مرکزی سڑکوں میں سے 46 پر پارکنگ فیس مکمل طور پر ختم کی جا چکی ہے۔
میئر کراچی نے خبردار کیا کہ کے ایم سی کے نام پر غیر قانونی طور پر فیس وصول کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، تاکہ شہریوں کو بلاوجہ مالی دباؤ سے بچایا جا سکے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ کے ایم سی اب اپنے پیروں پر کھڑی ہو گئی ہے، کے ایم سی کے اکاؤنٹ میں 2 ارب روپے سے زائد موجود ہیں۔