مراد علی شاہ تیسری بار وزیراعلیٰ سندھ منتخب

مراد علی شاہ فائل فوٹو مراد علی شاہ

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما مراد علی شاہ مسلسل تیسری بار وزیر اعلیٰ سندھ منتخب ہو گئے۔ اسپیکر اویس قادر شاہ کی زیر صدارت اجلاس شروع ہوا، پاکستان پیپلزپارٹی کے نادر مگسی جو جیپ ریلی میں شرکت کی وجہ سے حلف نہیں لے سکے تھے، ان کا حلف لیا گیا۔

پولنگ شروع کرنے سے قبل اراکین اسمبلی کو بلانے کےلیے 5 منٹ تک گھنٹیاں بجائی گئیں۔

قاعدے کے مطابق وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے ایوان کے دروازے بند کر دیے گئے، پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار جو اب سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں، نے انتخاب میں حصہ نہیں لیا۔

قبل ازیں، مراد علی شاہ ایوان میں پہنچے، اراکین نے ڈیسک بجا کر ان کا استقبال کیا۔

پیپلزپارٹی کے نامزد وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے 112 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے امیدوار علی خورشدی 36 ووٹ لے سکے۔

اسپیکر سندھ اسمبلی نے مراد علی شاہ کو وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور اپنی نشست پر بیٹھنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر سندھ اسمبلی کے ایوان میں پیپلز پارٹی کے حق میں نعرے لگائے گئے۔ نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) مقبول باقر دیگر نگران کابینہ اراکین کے ساتھ گیلری میں موجود رہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں رائے شماری کے ذریعے سید اویس قادر شاہ اسپیکر اور انتھونی نوید ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے تھے۔

 

install suchtv android app on google app store