عمران خان کو کس کی خواہش پر جیل میں ڈالا گیا؟ سعید غنی کا بڑا دعویٰ

سعید غنی فائل فوٹو سعید غنی

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ ن لیگ نے اپنی خواہشات پوری کرائی ہیں، ن لیگ کی خواہش تھی کہ الیکشن آگے چلے جائیں، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں ڈالنے کی خواہش بھی ن لیگ کی تھی، پی ٹی آئی سے بلے کا نشان لینے کی خواہش بھی ن لیگ کی تھی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کا خیال تھا ڈسٹرکٹ سینٹرل میں کوئی اور جماعت دفتر نہیں کھول سکتی، یہ کارروائیاں مصطفیٰ کمال کے بیانات کا تسلسل ہیں، مصطفیٰ کمال نے کہا تھا کہ ہم لڑنے پر آئیں تو کوئی ہم سے جیت نہیں سکتا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ تحقیقات کی جائیں کس کی ہدایت پر پیپلز پارٹی کے دفتر پر حملہ کیا گیا، اگر پولیس اور رینجرز نے سخت کارروائی نہ کی تو مشکل ہوجائے گا، اس حملے کے پیچھے کون لوگ ہیں ان کےخلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے۔

سعید غنی نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ کا کوڈ آف کنڈکٹ کا فیصلہ آیا ہے، یہ کہنا کہ شہر میں کسی بورڈ پر امیدوار کی تصویر لگی ہو تو ایف آئی آر ہوگی، الیکشن کےدوران تو یہ سب کچھ ہوتا ہے، ایسے تو ہر کوئی ایک دوسرے کی تصاویر لگوا کر ایف آئی آر کٹوا سکتا ہے، میری یا میرے مخالف کی تصویر لگ جائے تو کس قانون کے تحت ایف آئی آر ہوگی۔

سعید غنی نے کہا کہ پولیس سے گزارش کروں گا فیصلے کے باعث دباؤ میں آکر ایسی حرکات نہ کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیوایم ختم ہوچکی ہے، ایم کیو ایم پاکستان پی ایس پی مافیا کے کنٹرول میں ہے، ایم کیوایم پاکستان کے خالد مقبول صدیقی بے بس کنوینر ہیں، ایم کیو ایم کا جو تھوڑا بہت ووٹ تھا وہ مصطفی کمال کے آنے کے بعد ختم ہوگیا، مصطفیٰ کمال نےایم کیو ایم کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے، آپ لوگ مصطفی کمال کو پی ایس پی تصور کریں، ایم کیو ایم کے جو 6،5 ہزار ووٹ بنتے تھے وہ بھی مصطفی کمال نے ختم کردیے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی درخواست پر میرے حلقے میں پانی کی لائن پر حکم امتناع ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی صورتِ حال بہت خراب ہے، وہ پریشان ہیں، ن لیگ والے گراؤنڈ میں اترے تو انہیں صورتِ حال کا اندازہ ہوا۔

install suchtv android app on google app store