کراچی میں ایف آئی اے کی کارروائی، حوالہ ہنڈی میں ملوث 5 ملزمان گرفتار

کراچی میں ایف آئی اے کی کارروائی فائل فوٹو کراچی میں ایف آئی اے کی کارروائی

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کارپوریٹ کرائم سرکل نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 8 ہزار امریکی ڈالر اور کار برآمد کرلی۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون عبدالسلام شیخ کی ہدایت پر ہنڈی حوالہ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی عمران ریاض کی زیر نگرانی ٹیم نے چھاپہ مار کارروائی کی اور اس دوران رمادا پلازے سے منظم گروہ کے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزمان میں خرم، اسامہ، فرقان احمد، محمد افضل اور محمد علی شامل ہیں، ملزمان حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث تھے۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان سے 8000 امریکی ڈالر اور کار برآمد کر لی گئی ہے، ان کے موبائل فونز سے ہنڈی حوالہ سے متعلق پیغامات بھی برآمد کرلیے گئے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا اور مزید تفتیش جاری ہے۔

install suchtv android app on google app store