ڈاکٹر بیربل کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت

مقتول ڈاکٹر بیربل گینانی فائل فوٹو مقتول ڈاکٹر بیربل گینانی

کراچی میں ماہر امراض چشم ڈاکٹر بیربل کے قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آگئی پولیس نے ڈاکٹر بیربل کی اسسٹنٹ کے سابق منگیتر کو بھی حراست میں لے لیا۔

پولیس حکام کے مطابق ڈاکٹر بیربل کی اسسٹنٹ کے منگیتر زبیر کو ڈاکٹر بیربل کے قتل کے دو روز بعد سے تلاش کیا جارہا تھا۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل کراچی میں لیاری ایکسپریس وے گارڈن انٹرچینج کے قریب گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں ڈاکٹر بیربل گینانی کو قتل کردیا گیا تھا جبکہ واقعے میں ان کی اسسٹنٹ ڈاکٹر قراۃ العین بھی زخمی ہوئیں تھیں۔

پولیس نے ڈاکٹر بیربل کے بھائی کی مدعیت میں گارڈن تھانے میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا تھا، مقدمے میں زخمی خاتون اسسٹنٹ پر شبہہ کا اظہار کیا گیا تھا۔

بعد ازاں پولیس کی جانب سے ڈاکٹر بیربل کے قتل میں ملوث ہونے کے شک کی بنیاد پر اولڈ سٹی ایریا سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا، حراست میں لیا گیا شخص ڈاکٹر بیربل کی اسسٹنٹ کا قریبی رشتے دار تھا۔

ڈاکٹر بیربل آئی اسپیشلسٹ تھے اور سابق سینیئر ڈائریکٹر ہیلتھ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کےایم سی) بھی رہے ، وہ اسپنسر آئی اسپتال لیاری کے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ رہے اور ڈیڑھ برس قبل ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ سٹی گورنمنٹ کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے تھے۔

install suchtv android app on google app store