پاکستان پیپلزپارٹی نے ایم کیو ایم پاکستان کے مطالبے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی پی اور ایم کیو ایم کے درمیان ہونے والی اعلیٰ سطحی ملاقات کے بعد اس بات کا اعلان صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے میڈیا بریفنگ میں کیا۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بلدیاتی حد بندی کے معاملے پر ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات ہوئی جس میں یو سیز کو بڑھانے پر مشاورت کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے مطالبے پر الیکشن کمیشن کو خط لکھا جائے گا، ہم نے 10 ون کا لیٹر لکھا تھا جس پر عمل نہیں ہوا اور بلدیاتی انتخابات ہو گئے۔
پی پی رہنما سید ناصر حسین شاہ نے الزام عائد کیا کہ عمران خان نے ملک میں انتشارپھیلانے کی کوشش کی، پی ٹی آئی نے پنجاب اورخیبرپختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بیرونی سازش کے بیانیے سے بھی یوٹرن لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں اختلافات چلتے رہتے ہیں، بلدیاتی انتخابات کو کالعدم قرار دینے کا کوئی مطالبہ نہیں ہوا۔
میڈیا بریفنگ کے دوران ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور سابق ناظم کراچی سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے حلقہ بندیوں سے متعلق ہمارے مؤقف کو تسلیم کیا، پیپلزپارٹی نے حلقہ بندیوں سے متعلق 10 ون فارمولے کا خط لکھا۔