جماعت اسلامی نے ہماری توقع سے زیادہ نشستیں لیں، میئر لانا ہمارا حق ہے، سعید غنی

 پی پی رہنما اور صوبائی وزیر سعید غنی فائل فوٹو پی پی رہنما اور صوبائی وزیر سعید غنی

 پی پی رہنما اور صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ اصولی طور پر میئر کراچی پیپلزپارٹی کا ہونا چاہیے جس کے لیے جماعت اسلامی سے بات کریں گے کیونکہ پی ٹی آئی اس لائق نہیں کہ ان سے بات کی جائے۔ سعید غنی نے کہا کہ کمپین بنائی جارہی ہے کہ پیپلز پارٹی نے دھاندلی کی ہے، آپ کے پاس شواہد ہیں تو متعلقہ فورم پر جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ملیر میں 30 میں سے 20 نشستیں جیتی ہیں، کورنگی میں پیپلزپارٹی نے 37 میں سے 5 نشستیں جیتی ہیں، سینٹرل میں احتجاج ہورہا تھا ، جہاں پیپلز پارٹی نے 45 میں سے 5 نشستیں جیتیں، اگر ڈی آر او غلط کررہا تھا تو کورنگی میں ہماری 5نہیں 20 سیٹیں ہونی چاہیے تھیں۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے ہماری توقع سے زیادہ نشستیں لے لی ہیں، حافظ نعیم سمجھ رہے تھے میئربن جائیں گے لیکن انہیں نشستیں کم ملنے پر دھچکا لگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی حیدرآباد میں بھی جیتی ہے اور سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی، پی پی نے کئی سالوں میں بہت محنت کی ہے، شہرمیں کئی کام کیے، ضمنی انتخابات میں بھی پیپلزپارٹی کا ووٹ بینک بڑھا ہے، ووٹ کی دوبارہ گنتی پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ ہماری دوبارہ گنتی کی درخواست پر بھی کسی کو بھی اعتراض نہیں ہوناچاہیے، ہم سنگل لارجسٹ پارٹی ہیں، میئر بنانا ہمارا حق ہے، پوری کوشش کریں گے کہ پیپلزپارٹی کا میئر کراچی میں آئے، پی ٹی آئی اس لائق ہی نہیں ہے کہ ان سے بات کی جائے،جماعت اسلامی سے بات چیت کریں گے۔

صوبائی وزیر نےکہا کہ کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ میں مزید بہتری کی ضرورت ہے، کراچی میں پینے کا پانی دستیاب نہیں، اس میں بہتری کی کوشش کریں گے، شہریوں کو تفریح کے پارکس بھی کم ہیں، اس پرتوجہ دیں گے،شہر کے انفرا اسٹرکچر کا مسئلہ ہے اس کو بھی ایڈریس کریں گے، سیف سٹی کے منصوبے پر کام ہورہاہے۔

اصولی طورپر میئر پیپلزپارٹی کاہونا چاہیے: سعید غنی
انہوں نے حیدر آباد کے شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں بھی پیپلزپارٹی نے کئی ترقیاتی کام کیے ہیں، حیدرآباد کے بھی تمام مسائل کو ایڈریس کریں گے اور حل کریں گے، وہاں کے مسئلے بھی کراچی جیسے ہیں۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ اصولی طورپر میئر پیپلزپارٹی کاہونا چاہیے، میئر کے امیدوار کا نام فائنل نہیں ہوا، ابھی مشاورت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی وہ پہلی پارٹی ہو گی جس سے ہم رابطہ کریں گے، پی ٹی آئی سے بات کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

install suchtv android app on google app store