ایم کیو ایم رہنما خواجہ سہیل منصور کا رابطہ کمیٹی سے استعفیٰ، پیپلز پارٹی کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان

ایم کیو ایم رہنما خواجہ سہیل منصور فائل فوٹو ایم کیو ایم رہنما خواجہ سہیل منصور

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ سہیل منصور نے رابطہ کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا اور سینیٹ انتخابات میں پیپلز پارٹی کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا۔

ایم کیو ایم رہنما خواجہ سہیل منصور کا کہنا ہے کہ نثار کھوڑو سے میرے پرانے تعلقات ہیں اور میں ان کے مقابلے پر سینیٹ کی نشست پر کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرا رہا۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے سینیٹ انتخابات کے لیے کاغذات جمع نہیں کرائے گئے ہیں اور میں یہاں ذاتی حیثیت میں موجود ہوں۔ اس سے پارٹی کو کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔

سہیل منصور نے کہا کہ نثار کھوڑو میرے لیے آج سے ہی سینیٹر ہیں۔ یہ نشست پیپلز پارٹی کی ہے اور پیپلز پارٹی کو ہی ملنی چاہیے۔

دوسری جانب سابق رکن اسمبلی خواجہ سہیل منصور نے رابطہ کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی کچھ غلط پالیسیوں کی وجہ سے نالاں ہوں تاہم پارٹی نہیں چھوڑ رہا نہ ہی پیپلز پارٹی میں جا رہا ہوں۔ بحیثیت کارکن ایم کیو ایم کا حصہ ہوں۔

ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے سندھ سے خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر کاغذات نامزدگی جمع نہ کروانے کا فیصلہ کیا ہے اور ایم کیو ایم پاکستان سینیٹ انتخاب کا حصہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ سہیل ذاتی حیثیت میں الیکشن کمیشن آفس پہنچے ہیں اور خواجہ سہیل منصور سے متعلق فیصلہ رابطہ کمیٹی کرے گی۔

install suchtv android app on google app store