صوبہ سندھ میں چہلم کے موقع پر ڈبل سواری پر پابندی عائد

ڈبل سواری فائل فوٹو ڈبل سواری

محکمہ داخلہ سندھ نے امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے اور ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے چہلم امام حسین کے موقع پر صوبے بھر میں ڈبل سواری پر پابندی کا اعلان کردیا ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق آئی جی پولیس اور پاکستان رینجرز ہیڈکوارٹرز سندھ نے اپنے خط میں کہا ہے کہ چہلم امام حسین کے موقع پر مجالس اور جلوس میں ملک دشمن عناصر کے حملوں کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے حکومت نے فوری طور پر ضروری اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومت سندھ نے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے 19 اور 20 صفر کو کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، شہید بے نظیرآباد، سکھر اور لاڑکانہ کے اضلاع میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے۔

پابندی کا اطلاق 12سال سے کم عمر بچوں، خواتین، بزرگ شہریوں اور صحافیوں پر نہیں ہو گا۔

تمام پولیس اسٹیشنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف کی صورت میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 188 کے ٹھت شکایات کا اندراج کیا جائے ۔

حکومت سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چہلم کے موقع پر امن و امان یقینی بنانے کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے ہیں۔

مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر روایتی راستوں سے گزرتا ہوا کھارادر کی تاریخی حسینیاں ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔

ایک سینئر پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جلوس کو کسی خاص قسم کا خطرہ نہیں ہے۔ ادھر محکمہ تعلیم نے چہلم کے موقع پر 28 ستمبر کو صوبے بھر کے تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب ٹریفک پولیس نے چہلم کے موقع پر ٹریفک انتظامات کر لیے ہیں اور جلوس کےمتبادل راستوں کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ اس سال چہلم کا جلوس تاریخی ثابت ہو گا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ سیکیورٹی کی آڑ میں جلوس سے شرکا سے خراب رویے کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور جلسے میں شرکا کی شرکت یقینی بنانے کے لیے ان کی مناسب جانچ پڑتال کی جائے۔

یاد رہے کہ قبل ازیں 9 اور 10 محرم کے موقع پر بھی حکومت سندھ نے کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے اور امن وامان کی صورت کو برقرار رکھنے کے لیے ڈبل سواری پر پابندی عائد کی تھی۔

install suchtv android app on google app store