گلگت بلتستان؛ پاکستان استحکام پارٹی کو بڑا جھٹکا، پیپلزپارٹی کے عطاء اللہ کامیاب قرار

سید امام مالک اور پیپلزپارٹی کے عطاء اللہ فائل فوٹو سید امام مالک اور پیپلزپارٹی کے عطاء اللہ

جی بی اے 16 دیامر-2 کے انتخابی تنازع پر الیکشن ٹریبونل نے حتمی فیصلہ جاری کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار عطاء اللہ ولد وہاب شاہ کی انتخابی درخواست منظور کرلی اور انہیں حلقے کا کامیاب امیدوار قرار دے دیا۔

الیکشن ٹریبونل نے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کو عطاء اللہ شاہ کی کامیابی کا اعلامیہ فوری جاری کرنے کی ہدایت کردی۔

فیصلے کے مطابق عطاء اللہ شاہ کی کامیابی 13 ستمبر2026 کے حتمی فارم 49 کی بنیاد پر قرار دی گئی ہے، جبکہ سید امام مالک کے حق میں 19 جون کو جاری کیا گیا سابقہ اعلامیہ منسوخ کردیا گیا ہے۔

ٹریبونل نے انتخابی عمل اور پوسٹل بیلٹ پیپرزسے متعلق سید امام مالک کے اعتراضات بھی مسترد کردیے، فیصلے میں پوسٹل بیلٹ پیپرزکی گنتی اورتصدیق سے متعلق اعتراضات کا بھی جائزہ لیا گیا اورانہیں قابل قبول قرار نہیں دیا گیا۔

الیکشن ٹریبونل کے مطابق پوسٹل بیلٹ پیپرز محفوظ اور سربمہر حالت میں پائے گئے تھے، فیصلے میں پوسٹل بیلٹس کی گنتی کے موقع پر فریقین یا ان کے نمائندگان کی عدم موجودگی کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

ٹریبونل نے پوسٹل بیلٹس سے متعلق اعتراضات کو بے بنیاد اور بعد از وقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتخابی عمل کے متعلق اٹھائے گئے اعتراضات انتخابی نتیجے کو تبدیل کرنے کی بنیاد فراہم نہیں کرتے۔

عطاء اللہ شاہ کو 2026 تا 2031 کیلئے کامیاب قرار دے دیا گیا

الیکشن ٹریبونل نے قرار دیا کہ عطاء اللہ شاہ کو گلگت بلتستان اسمبلی کی مدت 2026 تا 2031 کیلئے کامیاب امیدوار تصور کیا جائے گا۔

فیصلے کی روشنی میں چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کو کامیابی کا باضابطہ اعلامیہ جاری کرنے اور فیصلے کی کاپی متعلقہ دفتر بھجوانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

یہ فیصلہ سپریم اپیلیٹ کورٹ کے 18 ستمبر 2026 کے فیصلے کی روشنی میں جاری کیا گیا۔ الیکشن ٹریبونل نے جی بی اے 16 دیامر-2 کے انتخابی تنازع سے متعلق تمام قانونی نکات کا جائزہ لینے کے بعد حتمی حکم جاری کیا۔

سید امام مالک کو قانونی چیلنج کا حق حاصل ہے

الیکشن ٹریبونل کے فیصلے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ سید امام مالک کو انتخابی عمل اور فیصلے کو قانون کے مطابق چیلنج کرنے کا حق حاصل ہے، یوں ٹریبونل کے فیصلے کے باوجود انتخابی تنازع کے حوالے سے قانونی راستہ مکمل طور پر بند نہیں ہوا۔

ٹریبونل کا حتمی فیصلہ کھلی عدالت میں سنایا گیا، فیصلے کی کاپی چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کے دفتر بھجوانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ عطاء اللہ شاہ کی کامیابی کا اعلامیہ جاری کرنے سمیت دیگر ضروری قانونی کارروائی مکمل کی جاسکے۔

پیپلز پارٹی کی نشست میں اضافہ، عطاء اللہ شاہ کا جشن

الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے بعد گلگت بلتستان اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی ایک نشست میں اضافہ ہوگیا۔ پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار عطاء اللہ کے حق میں فیصلہ آنے پر کارکنوں اور حامیوں کی جانب سے جشن منایا گیا۔

 

عطاء اللہ شاہ نے فیصلے کے بعد اپنی کامیابی عوام کے نام کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی عمل میں عوام کے فیصلے کو اہمیت حاصل ہے، ان کے حامیوں نے ٹریبونل کے فیصلے کو سراہا اور کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔

جی بی اے 16 دیامر-2 کا انتخابی معاملہ ابتدا ہی سے انتہائی قریب مقابلے کے باعث توجہ کا مرکزرہا، انتخابی نتائج، پوسٹل بیلٹس اورقانونی اعتراضات کے باعث معاملہ الیکشن ٹریبونل تک پہنچا، جہاں فریقین کے مؤقف اور متعلقہ دستاویزات کا جائزہ لیا گیا۔

اب الیکشن ٹریبونل کے 21 ستمبر کے حتمی فیصلے کے بعد عطاء اللہ شاہ کو جی بی اے 16 دیامر-2 کا کامیاب امیدوار قرار دیا گیا ہے، جبکہ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کو ان کی کامیابی کا باضابطہ اعلامیہ جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

عطاء اللہ نے گلگت بلتستان اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھا لیا

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے نومنتخب رکن گلگت بلتستان اسمبلی عطاء اللہ نے حلف اٹھا لیا، اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نے عطاء اللہ سے حلف لیا۔

الیکشن ٹریبونل نے عطاء اللہ کو جی بی اے 16 دیامر-2 کا رکن اسمبلی قرار دیا تھا، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے کچھ دیر قبل ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے فوری بعد اسمبلی کا اجلاس طلب کیا گیا اور عطاء اللہ نے رکن اسمبلی کی حیثیت سے حلف اٹھایا، عطاء اللہ کے حلف کے بعد گلگت بلتستان اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے ارکان کی تعداد 16 ہوگئی۔

install suchtv android app on google app store