قومی احتساب بیورو (نیب) احد چیمہ کو آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں کلین چٹ دیدی، نیب کا کہنا ہے کہ احد چیمہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا نیب ریفرنس نہیں بنتا، ان کے تمام اثاثے ان کی آمدن سے مطابقت رکھتے ہیں۔
یہ بات آمدن سے زائد اثاثوں کے معاملے پر لاہور کی احتساب عدالت میں احد چیمہ کی بریت کی درخواست پر نیب کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہی گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ احد چیمہ کے مبینہ بے نامی داروں نے اپنی ذاتی انکم سے پراپرٹیز بنائیں، ان کے مبینہ بے نامی داروں کی پراپرٹیز کو احد چیمہ سے لنک نہیں کیا جا سکتا۔
نیب نے کہا ہے کہ رشتے داروں کے اکاؤنٹس احد چیمہ کے بے نامی اکاونٹس نہیں، ری انویسٹی گیشن کے مطابق احد چیمہ کی کل آمدن 213 ملین اور اخراجات 131 ملین ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ احد چیمہ کے بنائے گئے اثاثے ان کی آمدن کے مطابق ہی ہیں، ری انویسٹی گیشن کے دوران احد چیمہ نے اپنی انکم اور منافع سے متعلق ریکارڈ نیب کو فراہم کیا۔
نیب کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ احد چیمہ کی جانب سے جمع کرائے گئے ریکارڈ کی تصدیق کی گئی، ان کا ریکارڈ درست ثابت ہوا۔
نیب نے احتساب عدالت سے احد چیمہ کی بریت کی درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی استدعا کی ہے۔