شیخ رشید کی بازیابی کیلئے پولیس کو مزید 1 ہفتے کی مہلت

شیخ رشید فائل فوٹو شیخ رشید

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید کی بازیابی کے لیے آر پی او راولپنڈی کو آخری بار مزید ایک ہفتے کی مہلت دے دی۔

سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید کی حراست کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت جسٹس صداقت علی خان نے کی، آر پی او راولپنڈی سید خرم علی عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے سوال کیا کہ آر پی او صاحب بتائیں شیخ رشید سے متعلق کیا پیش رفت ہے؟ آر پی او نے کہا کہ شیخ رشید کی بازیابی کے لیے کوشش جاری ہے، مزید مہلت چاہیے۔

عدالت نے سوال کیا کہ اور کتنا وقت چاہیے؟ آپ کو جتنا وقت دیا ہے اس میں آپ نے کیا کیا؟

آر پی او راولپنڈی سید خرم علی نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کو انکوائری کے لیے بلایا، وہ کوئی معقول جواب نہیں دے سکے، جن 5 پولیس افسران پر شیخ رشید کی گرفتاری کا الزام ہے سی ڈی آر کے مطابق وہ وہاں نہیں تھے۔

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے کہا کہ ایک ہفتے کی مزید مہلت آخری موقع سمجھ کر دے رہے ہیں، ایک ہفتے کے بعد مزید التواء نہیں دیں گے، عدالت وارننگ کے ساتھ ایک ہفتے بعد کوئی نہ کوئی آرڈر پاس کرے گی۔

عدالت نے کہا کہ آئندہ تاریخ تک سابق وزیر داخلہ کو بازیاب کرایا جائے۔ عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 26 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

install suchtv android app on google app store