کرپشن کیس: مونس الہیٰ کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع

مونس الہیٰ فائل فوٹو مونس الہیٰ

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویزالہیٰ کے صاحبزادے اور پی ٹی آئی رہنما مؤنس الہیٰ کے خلاف کرپشن کیس میں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے اور عدالت نے مؤنس الہیٰ کا اشتہار شائع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور لاہور کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہیٰ کے صاحبزادے مونس الہیٰ کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔

کرپشن کی سماعت احتساب عدالت کے جج نسیم احمد ورک نے کی، جس میں نیب نے پی ٹی آئی کے رہنما مؤنس الہیٰ کے وارنٹ گرفتاری کی رپورٹ پیش کی۔

نیب رپورٹ میں استدعا کرتے ہوئے مؤقف پیش کیا گیا کہ ملزم مونس الہیٰ گرفتاری سے چھپ رہا ہے، اور گرفتاری سے بچنے کیلئے روپوش ہے، ملزم کو اشتہاری قرار دیا جائے۔

عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے مونس الہیٰ کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی اور مونس الہیٰ کا اشتہار شائع کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ مونس الہیٰ پر ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ اربوں روپے کرپشن کا الزام ہے، اور احتساب عدالت نے پہلے ہی مونس الہیٰ کے وارنٹ گرفتاری جاری کررکھے ہیں، جب کہ چیئرمین نیب نے بھی 11 اگست کو ملزم کا ورانٹ گرفتاری جاری کیا تھا۔

install suchtv android app on google app store