سمری منظور کرتے ہی اسمبلی تحلیل ہوجائے گی، گورنر پنجاب

گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن فائل فوٹو گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن

گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے کہا ہے کہ اسمبلی عوام کا منتخب ادارہ ہے جس کو وقت سے پہلے تحلیل کرنا جمہوریت پسند انسان کے لیے مشکل ہے۔لاہور میں ایک تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ اسمبلی تحلیل کرنے کے حوالے سے کل رات سمری موصول ہوئی ہے جس پر دو دنوں میں فیصلہ کرنا ہے اور منظور کرتے ہی اسمبلی تحلیل ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلی عوام کا منتخب ادارہ ہے جس کو وقت سے پہلے تحلیل کرنا جمہوریت پسند انسان کے لیے مشکل ہے۔

گورنر نے کہا کہ مجھے یہ بھی دیکھنا ہے کہ الیکشن کے لیے کونسی تاریخ دی جائے کیونکہ 90 روز میں انتخابات کرانے ہوں گے جس میں رمضان بھی ہوگا اور اگر اس سے پہلے انتخابات ہوں تو وقت بہت کم ہوگا اس لیے تمام چیزوں کو دیکھ کر فیصلہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ اور قائد حزب اختلاف کو کہنا ہے کہ وہ پہلے آپس میں مل کر فیصلہ کریں اور اگر نہ کر سکیں تو پھر اگلے مراحل ہوں گے اور نگراں حکومت کا بھی نوٹی فکیشن جاری کرنا ہے۔

واضح رہے کہ بدھ کو رات گئے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد گزشتہ روز صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے سمری پر دستخط کردیے تھے۔

وزیراعلیٰ پرویز الہٰی کی جانب سے گورنر پنجاب کو جاری مختصر ایڈوائس میں کہا گیا تھا کہ ’میں پرویز الہٰی، وزیراعلیٰ پنجاب، آپ کو تجویز کر رہا ہوں کہ پنجاب کی صوبائی اسمبلی تحلیل کردیں‘۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس ایوان کی جانب سے ان کو اعتماد کا ووٹ دیے جانے کے بعد جاری کی گئی ہے اور ایڈوائس پر دستخط کرنے سے قبل انہوں نے زمان پارک میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے بھی ملاقات کی تھی۔

 

install suchtv android app on google app store