اسلام امن اور محبت کا دین ہے: امام کعبہ

امام کعبہ صالح بن ابراہیم فائل فوٹو امام کعبہ صالح بن ابراہیم

امام کعبہ صالح بن ابراہیم نے اسلام کو امن اور محبت کا دین قرار دیتے ہوئے کہا کہ قرآنی تعلیمات اور رسول اللہ ﷺ کی اسوہ حسنہ میں ہی فلاح ہے۔

امام کعبہ صالح محمد ابراہیم کا نوشہرہ میں خطبہ جمعہ کے دوران کہنا تھا کہ اس امت کو اللہ رب العزت نے بہترین امت بنایا ہے۔

صالح محمد ابراہیم کا کہنا تھا کہ اللہ کی وحدانیت پر یقین ہمارے ایمان کا بنیادی جزو ہے، اللہ کے ہاں اس کا مقام بلند ہے جس میں تقویٰ زیادہ ہو، جبکہ قرآن ہمیں اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑنے اور فرقہ واریت میں نہ پڑنے کا حکم دیتا ہے۔

اس سے قبل سعودی وزیر مذہبی امور کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب دو حقیقی بھائیوں کی طرح ہیں۔

صالح بن عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت مضبوط ہو چکی ہے، جبکہ دنیا میں دہشت گردی اور فساد کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ نائب امامِ کعبہ شیخ صالح بن ابراہیم، سعودی وزیر برائے مذہبی امور صالح بن عبدالعزیز ال شیخ کے ہمراہ جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمٰن (جے یو آئی ف) کی صد سالہ تقریبات میں شرکت کے لیے گذشتہ روز پشاور پہنچے تھے۔

جے یو آئی ایف کی صد سالہ تقریبات کا آغاز جمعے سے خیبر پختونخوا کے ضلعے نوشہرہ میں ہوا ہے جو کہ 9 اپریل تک جاری رہیں گی۔

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانافضل الرحمٰن

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانافضل الرحمٰن نے کہا ہےکہ عالمی سطح پر اقوام وممالک کے درمیان مسائل بڑھتے جارہے ہیں ،الہامی احکامات سے دوری انسانی معاشرے کی تباہی کا سبب ہے۔

نوشہرہ میں جمعیت علمائے اسلام کے صد سالہ یوم تاسیس کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔اس موقع پرسربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمٰن نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

انہوں نے اپنےاستقبالی خطا ب میں کہا کہ دہشت گردی اورانتہاپسندی کے رجحانات میں اضافہ ہورہاہے،دنیا میں خاندانی نظام ،رشتوں اوراحترام کے اصول ٹوٹتے جارہےہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا سے دہشت گردی اور بھوک و افلاس کا خاتمہ ضروری ہے، غیرملکی ایجنڈے پرکام کرنے والی این جی اوزپرپابندی عائد کی جائے اورکرپشن کے خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک سے پاکستان کو معاشی خوشحالی اور ترقی حاصل ہوگی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پڑوسی ممالک سے تعلقات مزید بہتربنائے جائیں ،مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل حل کرنے کیلئے جدوجہد کی جائے۔

اس موقع پر سعودی وزیر مذہبی امور نے مولانا فضل الرحمٰن کو جے یو آئی کی صد سالہ تقریبات پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی نے برصغیر میں مساجد ، مدارس اور مسلمانوں کے ایمان کی حفاظت کی۔

 

install suchtv android app on google app store