باجوڑ میں حالیہ شدید بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں درجنوں مکانات منہدم ہو گئے، کئی علاقے زیرِ آب آ گئے اور مواصلاتی نظام متاثر ہوا، جبکہ مختلف حادثات میں کم از کم 9 افراد جاں بحق ہو گئے اور متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیمیں سرگرمِ عمل ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق باجوڑ میں جبراڑئی کے علاقے میں سیلابی ریلے سے متعدد گھر تباہ ہو گئے۔
مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے جبکہ 17 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی اور اسسٹنٹ کمشنر خار ڈاکٹر صادق علی تحصیل سالارزئی کے علاقہ جبراڑئی میں امدادی کاموں کے نگرانی کر رہے ہیں۔
دوسری جانب آزاد کشمیر میں کلاؤ برسٹ کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔
جبکہ گلگت بلتستان میں بھی بارش کے بعد مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔
آزاد کشمیر حکومت نے شدید بارشوں کے باعث دو روز کے لیے تعلیمی ادارے بند کر دیے ہیں۔