لکی مروت میں پولیس نے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا

پولیس فائل فوٹو پولیس

خیبرپختونخوا کے شہر لکی مروت میں پولیس نے چوکی ریسکیو 15 گنڈی چوک اور تھانہ پیزو پر رات گئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا، پولیس کی بروقت کارروائی سے دہشت گرد رات کی تاریکی میں فرار ہوگئے۔

پولیس زرائع کے مطابق چوکی 15 گنڈی چوک کے پولیس اہلکاروں نے 6 دہشتگردوں کی موجودگی کو بھانپتے ہی انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔

پولیس جوان پہلے سے الرٹ تھے اور بھاری نفری موقع پر پہنچ چکی تھی، پولیس نے دہشت گردوں کو مورچہ زن ہونے کا موقع نہیں دیا جس سے وہ بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔

دوسری جانب تھانہ درہ پیزو پر بھی نامعلوم شرپسندوں نے فائرنگ کی، پولیس کی بھرپور جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہوگئے، حملے میں کوئی جانی نقصان نہی ہوا۔

ڈی پی او لکی مروت طارق حبیب نے پولیس جوانوں کو حملہ ناکام بنانے پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ لکی مروت پولیس ایک پیشہ آور، دلیر فورس ہے جس نے ہمیشہ کٹھن حالات میں فرنٹ لائن پر اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے حوصلے بلند ہیں اور خیبر پختونخوا پولیس ہر قسم حالات کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

install suchtv android app on google app store