لکی مروت میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلہ، پاک فوج کے دو جوان شہید

محمد افضل اور ابرار حسین فائل فوٹو محمد افضل اور ابرار حسین

صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو دہشت گرد ہلاک جبکہ پاک فوج کے دو سپاہی شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق 10 جنوری 2024 کو ضلع لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں فوجیوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر موثر انداز میں کارروائی کی گئی۔

کارروائی کے نتیجے میں میں دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جن کی شناخت آفتاب ملنگ اور مسعود شاہ کے نام سے ہوئی۔

یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے اور ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو بہادر سپاہیوں آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر کے 29سالہ محمد افضل اور ضلع مانسہرہ کے 27سالہ ابرار حسین نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری ہے کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت فراہم کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران خیبر پختوا اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں دہشت گردوں کی کارروائیوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے اور ان دہشت گردوں کی کارروائیوں کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز متحرک ہیں۔

گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے شہر بنوں میں انسداد پولیو ٹیم پر حملہ ہوا تھا جس کے بعد پولیس اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔

ایک دن قبل 8 جنوری کو صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشتگرد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا تھا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان بھی شہید ہوگیا تھا۔

پانچ جنوری کو خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں منڈان پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس میں کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

اسی دن سیکیورٹی فورسز نے ضلع ٹانک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا تھا جس کے نتیجے میں انتہائی مطلوب کمانڈر گل یوسف عرف طور سمیت 2 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

 

install suchtv android app on google app store