ایل او سی: بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کا سپاہی شہید

شہید واجد علی کا تعلق سندھ کے ضلع دادو سے ہے۔ فائل فوٹو شہید واجد علی کا تعلق سندھ کے ضلع دادو سے ہے۔

بھارتی فوج نےایل او سی کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے شاہ کوٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی ، جس کے نتیجے میں 20سالہ سپاہی واجدعلی شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارت کی طرف سے وادی نیلم میں لائن آف کنٹرول کے شاہ کوٹ سیکٹر پر بھاری ہتھیاروں سے بھارتی اشتعال انگیزی پر پاک فوج کی طرف سے موثر اور بھرپور جوابی کارروائی کی گئی اور جن بھارتی مورچوں سے فائرنگ کی جارہی تھی ان کو نشانہ بنایا گیا۔

پاک فوج کی جوابی کارروائی میں دشمن کو بھاری جانی نقصان پہنچا جبکہ دشمن کی تنصیبات بھی بُری طرح تباہ ہوئیں۔

بیان میں کہا گیا کہ فائرنگ کے تبادلے میں 20 سالہ سپاہی واجد علی شہید ہوگئے، شہید واجد علی کا تعلق سندھ کے ضلع دادو سے ہے۔

عسکری ذرائع نے بتایا کہ بھارتی فوج کی جانب سے پیر کو رات گئے سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی۔

اس سے قبل 4 فروری کو بھارتی فورسز نے لیپا ویلی میں ایل او سی پر شہری آبادی کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں 2 خواتین اور بچے سمیت 4 شہری زخمی ہوگئے تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بھارتی سینئر سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کرکے سیز فائر کی خلاف ورزی پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔




 



install suchtv android app on google app store