بھارت خطے میں امن و استحکام کا سب سے بڑا دشمن ہے: صدر آزاد کشمیر

  • اپ ڈیٹ:
آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان فائل فوٹو آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان

آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں امن واستحکام کا سب سے بڑا دشمن ہے، بین الاقوامی برادری بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے۔

 مسعود خان کا کہنا تھا کہ بھارت دہشت گردی کی کارروائیوں سے پاکستان کو کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی حمایت سے نہیں روک سکتا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی دھرتی مجاہدوں، غازیوں اور سرفروشوں کی سرزمین ہے دشمن کی یہ بھول ہے کہ وہ بزدلانہ کارروائیوں سے ہمیں خاموش کر دے گا یا جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی تحریک کو کچل دے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت ایک عرصہ سے 2003ء کے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آزاد کشمیر کی شہری آبادی کو بلا جواز نشانہ بنا رہا ہے اور آج کے واقعہ میں بھارت کے ملوث ہونے کو خارج از امکان نہیں قرار دیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ چھمب سیکٹر کے افسوسناک واقعہ نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ بھارت خطہ میں امن و استحکام کا سب سے بڑا دشمن ہے جس کی دہشتگردانہ کارروائیوں سے لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب کشمیری نشانہ بن رہے ہیں۔

صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے بھارت کی خطہ میں دہشتگردانہ کارروائیوں اور امن و استحکام کے خلاف دشمنی قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی اُمنگوں کے مطابق حل کرانے کے لیے مداخلت کرے۔

 

install suchtv android app on google app store