آزاد کشمیر الیکشن: چوہدری لطیف اکبر پر حملہ، پیپلز پارٹی کا ایک کارکن شہید

قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر فائل فوٹو قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر

قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر پر حملہ کیا گیا جب کہ پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن کو ہنگامی شکایت کرتے ہوئے فوری کارروائی اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کر دیا۔ پیپلز پارٹی کے مطابق یاسر شاہ، احمد شاہ اور فواد شاہ نے چوہدری لطیف اکبر پر حملہ کیا۔ 

پیپلز پارٹی کے مطابق پولنگ کے روز انتخابی عمل کے دوران قائم مقام صدر آزاد کشمیر اور پارٹی امیدوار چوہدری لطیف اکبر پر جسمانی حملہ کیا گیا، جو نہ صرف انتخابی عمل بلکہ ریاست کے آئینی وقار پر بھی حملہ ہے۔ 

پیپلز پارٹی کے مطابق یاسر شاہ، احمد شاہ اور فواد شاہ نے چوہدری لطیف اکبر پر حملہ کیا۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ قائم مقام صدر پر حملہ محض ایک انتخابی بے ضابطگی نہیں بلکہ ریاست کے آئینی منصب اور ریاستی نظم پر حملہ ہے، اس لیے اعلیٰ ترین سطح پر فوری ادارہ جاتی ردعمل ناگزیر ہے۔

پیپلز پارٹی کے مطابق نامزد ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

پارٹی نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن حملے کا فوری اور اعلیٰ سطح پر نوٹس لے اور پولیس و ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ کر کے یاسر شاہ، احمد شاہ اور فواد شاہ کے خلاف مقدمہ درج کرائے۔ 

دوسری جانب صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر پر حملے کے بعد ان کے انتخابی حلقہ ایل اے 31 میں پیپلز پارٹی کارکن مشتاق شاہ کو قاتلانہ حملے میں شہید کر دیا گیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایل اے 31 میں پیپلز پارٹی کارکن مشتاق شاہ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے شہید کارکن کے لواحقین سے اظہار رنج و غم کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پہلے صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر پر حملہ اور پھر انہی کے حلقہ انتخاب میں کارکن مشتاق شاہ کی شہادت سے مسلم لیگ (ن) کی نیت واضح ہوگئی۔ مسلم لیگ (ن) کا نام آزاد کشمیر میں گالی کے مترادف ہے، یہاں سے دھاندلی کرکے مسلم لیگ (ن) کا جیتنا عوام کا ریاست پر اعتماد ختم کر دے گا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ گولی، لاٹھی اور زور زبردستی سے مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے عوام کے ووٹ پر ڈاکا مار رہی ہے۔

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر پر حملے کا نوٹس لے لیا۔

وزیراعظم نے چیف سیکریٹری آزاد جموں و کشمیر اور آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ ذمہ داروں کو فی الفور کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے انتخابی عمل کے دوران سیکیورٹی کی ناقص صورت حال پر شدید برہمی کا اظہار بھی کیا۔

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ صدر ریاست چوہدری لطیف اکبر پر حملہ کشمیر میں وقار اور اصول پسندی کی سیاست پر ایک طمانچہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے شرپسند عناصر نے صدر ریاست پر حملہ کرکے ناقابل برداشت حرکت کی ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی آزاد جموں و کشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر پر حملے کی مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہر حد پار کر گئی، ہمارے ووٹرز سے لے کر صدر ریاست تک پر حملے ہو رہے ہیں۔ مظفرآباد ڈویژن میں مسلم لیگ (ن) کی دھونس، دھاندلی اور جبر کا مقابلہ پاکستان پیپلزپارٹی کی وقار اور اصول پسندی کی سیاست سے ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے سب سے سینئر سیاست دان چوہدری لطیف اکبر پر حملہ کرکے رواداری کی سیاست کو دفن کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چوہدری لطیف اکبر پر حملہ کرنے والے ذمہ داروں کو فی الفور گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

install suchtv android app on google app store