وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے کہا ہے کہ چہلم شہدائے کربلا کے جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائےاور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوسوں کے روٹس کی مانیٹرنگ کی جائے۔
امن و امان کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے متعلقہ شاہراہوں پر صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے اور محکمہ صحت،ریسکیو 1122 سمیت تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ نے چہلم کے جلوسوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین ٹریفک مینجمنٹ پلان تیار کرنے اور تمام کنٹرول رومز کو مکمل فعال بنانے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے جن اضلاع میں اضافی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نفری درکار ہے، وہاں فوری نفری فراہم کی جائے اور تمام اضلاع میں سکیورٹی پلان پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔وزیر اعلیٰ نے پولیس، ضلعی انتظامیہ اور ضلعی محکموں کے سربراہان کو اپنے سٹیشنز پر حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد شیئر کرنے والوں کے خلاف بلاتفریق سخت کارروائی کرنے اور انہیں قانون کی گرفت میں لانے کی ہدایت بھی کی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی سخت کی جائے اور سیف سٹی کے تمام کیمروں کو فعال رکھا جائے۔ چلاس شہر اور سوست میں بھی سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا عمل تیز کرنے کے احکامات جاری کیے۔
وزیر اعلیٰ نے گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو گلگت میں سیوریج منصوبے پر جاری کام تیز کرنے اور متاثرہ شاہراہوں پر کارپٹنگ/میٹلنگ کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں قائم امن و بھائی چارے کی فضا کو فروغ دینے کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، صوبے کی تعمیر و ترقی اور خوشحال مستقبل کا انحصار امن و امان سے وابستہ ہے، حکومت نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ایک جامع پالیسی بنا رہی ہے۔
اجلاس کے دوران صوبائی سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات عامہ،ڈی آئی جی گلگت اور کمشنر گلگت ڈویژن سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام نے امن و امان اور چہلم کی سکیورٹی پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ کمشنر بلتستان، ڈی آئی جی بلتستان، ڈی آئی جی دیامر/استور اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور اپنے اپنے اضلاع کے سکیورٹی اور انتظامی امور سے آگاہ کیا۔