وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے نو منتخب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ وہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے آج اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی فلاح و بہبود کیلئے قابل تجدید توانائی، سیاحت، انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اقدامات کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے منصوبوں میں 100 میگاواٹ کا شمسی توانائی پروجیکٹ اور دانش سکولوں کا قیام سرفہرست ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت ـ بلتستان کے عوام کی سہولت کیلئے گلگت میں پاکستان آسان خدمت سینٹر بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے امجد حسین کو وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔