وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان نے سکردو میں شغرتھنگ پاور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
سرکاری میڈیا کے مطابق اس منصوبے پر تقریباً 18 ارب لاگت آئے گی اور اس سے 26 میگاواٹ بجلی ملے گی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد خطے بالخصوص ضلع سکردو میں بجلی کی قلت ختم ہو جائے گی۔
دریں اثناء وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان کی زیر صدارت گلگت بلتستان کابینہ کا اجلاس سکردو میں منعقد ہوا۔
اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ انجینئر محمد اسماعیل نے کہا کہ ناروے کی حکومت کے ساتھ سکردو میں بجلی پیدا کرنے کا معاہدہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ شغرتھنگ روڈ کے لیے دوبارہ ٹینڈر نہیں کیا جائے گا اور اس سڑک پر کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔