گلگت بلتستان کے چھوٹے سے قصبے سے تعلق رکھنے والے ننھے ولاگر شیراز اپنی بہن مسکان کے ہمراہ تین ہفتوں بعد ہی سوشل میڈیا پر واپس آگئے اور انہوں نے اپنا پہلا ولاگ بھی ریلیز کردیا۔
شیراز نے جنوری 2024 میں یوٹیوب، انسٹاگرام اور فیس بک پر ولاگز بنانا شروع کیے تھے۔
شیراز نے یوٹیوب پر 17 جنوری 2024 کو اپنا پہلا ولاگ اپ لوڈ کیا تھا، جسے اب تک 10 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔
شیراز نے اپنے چند ہی ولاگز میں نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ دیگر ممالک میں اردو سمجھنے والے افراد کی بھی توجہ حاصل کرلی تھی اور یوٹیوب پر ان کے سبسکرائبرز کی تعداد 16 لاکھ سے زائد ہوچکی تھی۔
تاہم گزشتہ ماہ مئی کے وسط میں انہوں نے اپنا آخری ولاگ ریلیز کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اب ان کے والد نے انہیں ولاگ بنانے سے منع کردیا، جس وجہ سے وہ اور ان کی بہن ویڈیوز نہیں بنائیں گے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ ان کے والد نے انہیں تعلیم پر توجہ دینے کی ہدایت کی ہے، اس لیے اب وہ ولاگز نہیں بنائیں گے۔
بعد ازاں شیراز کے والد نے بھی اپنی ویڈیو میں بتایا تھا کہ ان کے بیٹے کی شخصیت میں تبدیلیاں ہو رہی تھیں جب کہ ان کی تعلیم بھی متاثر ہو رہی تھی، اس لیے انہوں نے بیٹے کو سوشل میڈیا سے دور کیا۔
شیراز کی جانب سے سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرنے کے فیصلے کو صارفین نے سراہتے ہوئے انہیں تعلیم پر توجہ دینے کی ہدایت کی تھی۔
لیکن محض 18 دن بعد ہی شیراز اپنی بہن مسکان کے ہمراہ سوشل میڈیا پر واپس آگئے اور دو جون کو انہوں نے اپنا پہلا ولاگ شیئر کیا۔
شیراز اور ان کی بہن مسکان نے بتایا کہ والد نے انہیں پڑھائی کرنے کے لیے ولاگ نہ بنانے کا کہا تھا لیکن اب وہ واپس آگئے اور ولاگز بناتے رہیں گے۔
شیراز اور ان کی بہن مسکان کی واپسی پر صارفین خوش دکھائی دیے اور ساتھ ہی کمنٹ کیے کہ ان کے والد نے خود ان کی جگہ شہرت لینے کی کوشش کی لیکن ناکامی پر انہوں نے بچوں کو واپس سوشل میڈیا پر آنے کی اجازت دی۔