پی آئی اے طیارہ حادثہ، مزید 4 افراد کی شناخت کر لی گئی

حادثہ فائل فوٹو حادثہ

پی آئی اے طیارہ حادثے کے شہدا کی شناخت کا عمل جاری ہے، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی ٹیم نے مزید 4 افراد کی شناخت کر لی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ 36 گھنٹوں کے دوارن یو ایچ ایس ماہرین نے 4 افراد کی شناخت کر لی ہے، شناخت کے بعد لواحقین کو سندھ حکومت آگاہ کرے گی۔

چاروں افراد کی شناخت دانتوں کے علاج کے ریکارڈ کی مدد سے کی گئی ہے، جن میں سے پاک فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر زین العارف خان کی میت کی بھی شناخت شامل ہے۔ زین العارف خان پی آئی اے کے تباہ بدقسمت طیارے میں سوار تھے، اسکواڈرن لیڈر لاہور سے عید منانے کے لیے اپنے گھر کراچی آ رہے تھے، زین العارف خان کی تدفین آج کورنگی قبرستان میں ہوگی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز یونی ورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی ٹیم نے دانتوں کے ریکارڈ کی مدد سے پہلی نعش شناخت کی تھی، 62 سالہ محمد عطا اللہ کے دانتوں کے علاج کا ریکارڈ ان کی فیملی نے فراہم کیا تھا، یو ایچ ایس کی ٹیم نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے 21 افراد کے دانتوں کا ریکارڈ بھی حاصل کر لیا ہے۔

ادھر گزشتہ روز اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے یو ایچ ایس کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ شناخت کے سلسلے می ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹ میں 10 سے 14 دن لگتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی ڈینٹل فرانزک سے شناخت کی کوشش کی گئی تھی لیکن سپورٹ نہیں کیا گیا، حکومتیں سپورٹ کرتیں تو ڈینٹل ٹریٹمنٹ سے شناخت کا طریقہ اختیار کرتے۔

ڈاکٹر جاوید اکرم نے پروگرام کے ذریعے اپیل کی کہ شہدا میں کسی نے ڈینٹل ٹریٹمنٹ کرائی ہو تو ان کے اہل خانہ یو ایچ ایس سے اس نمبر 03134171447 پر رابطہ کریں، ڈی این اے کی نسبت ڈینٹل ٹریٹمنٹ والوں کا جلد پتا چل سکتا ہے، کسی کا آرتھوپیڈک علاج ہوا ہے تو بھی ان کی شناخت جلد ہو سکتی ہے۔

install suchtv android app on google app store