ووہان میں موجود پاکستانی طلبا سے رابطے میں ہیں: ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کہتی ہیں ووہان میں موجود پاکستانی طلبا سے بھی رابطے ہیں۔

سچ ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں بھی چینی حکام سے رابطے میں ہیں،آج بھی چینی سفیر کے ساتھ فارن سیکرٹری کی ملاقات ہوئی.

کوشش کی جارہی ہے کہ تمام طلبا اور جتنے بھی پاکستانی چین میں مقیم ہیں ان سے رابطہ کیا جائے، اس سلسلے میں ہاٹ لائنز(Hot Lines) کے نمبر ہماری امبیسی کی ویب سائٹ پر جاری ہوچکے ہیں۔ 

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے گزارش کی ہے کہ چین میں مقیم پاکستانی ایمبیسی کے حکام سے اپنے حالات سے آگاہ کریں۔ عائشہ فاروقی نے مزید کہاکہ پاکستان نہ صرف بیجینگ میں  چینی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے بلکہ پاکستان میں بھی چینی سفارتخانے کی ساتھ مکمل رابطہ ہے۔

مزید پڑھئے: ہم تنہا ہو کر رہ گئے، چین کے شہر ووہان میں پھنسے پاکستانی طالبعلموں کا ویڈیو بیان بھی سامنے آ گیا

یاد رہےکہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے اب تک 80 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور اب یہ وائرس امریکا، برطانیہ، سنگاپور اور آسٹریلیا سمیت مختلف ممالک تک جا پہنچا ہے۔

سوشل میڈیا پر ووہان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں زیر تعلیم پاکستانی طالبعلموں کا ایک بیان سامنے آیا ہے۔ حفصہ طیب نامی پاکستانی طالبہ ویڈیو بیان میں کہہ رہی ہیں کہ ہمیں خوارک کی کمی کا سامنا ہے اور خوف کی یہی صورت حال برقرار رہی تو عنقریب ہمارے پاس خوراک بالکل ختم ہو جائے گی۔

install suchtv android app on google app store