سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ، گرفتاری دینے تک پرویزمشرف اپیل دائر نہیں کرسکتے

سابق صدر پرویز مشرف فائل فوٹو سابق صدر پرویز مشرف

سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کی خصوصی عدالت کے خلاف اپیل اعتراضات عائد کرتے ہوئے واپس کردی اور کہا گرفتاری دینے تک پرویزمشرف اپیل دائر نہیں کرسکتے۔

سپریم کورٹ نے پرویزمشرف کی خصوصی عدالت کے فیصلے کیخلاف اپیل اعتراضات عائد کرتے ہوئے واپس کردی رجسٹرار آفیس کی جانب سے لگائے گئے اعتراضات میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف نے تاحال خود کو قانون کے حوالے نہیں کیا، گرفتاری دینے تک پرویزمشرف اپیل دائر نہیں کرسکتے۔

رجسٹرار آفیس کا مزید کہنا ہے سپریم کورٹ پہلے گرفتاری پھر اپیل کا اصول وضع کر چکی ہے، اعتراضات کے خلاف ایک ماہ میں اپیل دائر کی جا سکتی ہے۔

یاد رہے سابق صدر پرویزمشرف نے خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں پرویز مشرف نے خصوصی عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا تھا خصوصی عدالت نے ٹرائل مکمل کرنے میں آئین کی 6 بارخلاف ورزی کی، شفاف ٹرائل کا حق نہیں دیا گیا، خصوصی عدالت کی تشکیل غیرآئینی تھی۔

دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ مقدمہ کی کابینہ سے منظوری نہیں لی گئی اور خصوصی عدالت نے بیان ریکارڈ کرانے کا موقع نہیں دیا، انصاف کا قتل نہ ہو اسی لیے مقررہ قانونی مدت میں درخواست دائر کی۔

 

install suchtv android app on google app store