کیا واقعی نیب کا سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے 50 کروڑ اور جائیداد ریکوری کا دعوی حقیقت پر مبنی ہے؟ جانیے اندرونی کہانی

سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار فائل فوٹو سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار

قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ریکوری کا دعویٰ کیا ہے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے 50 کروڑ روپے کی نقد رقم اور جائیداد کی ریکوری کا دعویٰ کیا ہے۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب لاہور آفس کا دورہ کیا جہاں ڈی جی نین لاہور شہزاد سلیم نے انہیں میگا کرپشن کے مقدمات میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر چیئرمین نیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیب لاہور نے اسحاق ڈار کے بینک اکاؤنٹس سے 50 کروڑ روپے کی رقم برآمد کرکے پنجاب حکومت کے حوالے کردی ہے اور اس کے ساتھ لاہور گلبرگ میں اسحاق ڈار کا کروڑوں روپے مالیت کا چار کنال کا گھر بھی پنجاب حکومت کے حوالے کیا جارہا ہے۔ چیئرمین نیب نے بتایا کہ گھر فروخت کرکے حاصل ہونے والی رقم حکومت کے خزانے ميں جمع کرائی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب پاور ڈیویلپمنٹ کے سابق چیف فنانشل آفیسر اکرام نوید سے ایک ارب روپے کی جائیدادیں برآمد کرکے پنجاب حکومت اور ایرا حکام کے حوالے کردی گئيں ہیں۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب افسران کی وابستگی کسی سیاسی جماعت، گروہ یا فرد سے نہیں، ان کا مقصد صرف اور صرف ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ ہے، میگا کرپشن کے مقدمات کی تحقیقات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ نیب کسی کا چہرہ نہیں کیس دیکھ کر اپنی تحقیقات کا قانون اور شواہد کی بنیاد پر آغاز کرتا ہے، جن کیسز میں شہادتیں موجود ہیں وہاں ٹھوس اورمضبوط کیس بنائے جائیں، نیب افسران کسی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر اپنے فرائض آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر انجام دیں، چند ماہ میں نیب نے 71 ارب کی خطیر رقم قومی خزانےمیں جمع کرائی جس میں بڑا کردار نیب لاہور کا ہے۔

نیب لاہور کے ڈی جی شہزاد سلیم نے چیئرمین نیب کو شہبازشریف، حمزہ شہباز، سلمان شہباز و دیگرکیخلاف مبینہ منی لانڈرنگ و آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی تحقیقات پربریفنگ دی۔ اس کے علاوہ چوہدری شوگر ملز کیس میں ملزم نوازشریف، مریم نواز، ملزم یوسف عباس اور ملزم عبدالعزیز کیخلاف مبینہ منی لانڈرنگ کی انکوائری پر بریفنگ دی گئی۔

پنجاب پاورڈویلپمنٹ کمپنی کیس میں ملزم اکرام نوید کیخلاف مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی تحقیقات پر بھی چیئرمین نیب کو بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کی سربراہی میں نیب لاہورکی کارکردگی کوسراہا۔

install suchtv android app on google app store