مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عروج پر، وزیراعظم کے عالمی رہنماؤں سے رابطے جاری

وزیراعظم عمران خان نے جرمن چانسلر انجیلا مرکل کو ٹیلی فون کر کے مقبوضہ وادی کی بدترین صورتحال سے آگاہ کیا فائل فوٹو وزیراعظم عمران خان نے جرمن چانسلر انجیلا مرکل کو ٹیلی فون کر کے مقبوضہ وادی کی بدترین صورتحال سے آگاہ کیا

مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر وزیراعظم عمران خان کے عالمی رہنماؤں سے رابطے جاری ہیں، وزیراعظم  نے جرمن چانسلر انجیلا مرکل کو ٹیلی فون کر کے مقبوضہ وادی کی بدترین صورتحال سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان کا جرمن چانسلر انجیلا مرکل سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہنا تھا کہ بھارت کے اقدامات سے خطے میں امن و سلامتی کو شدید خطرات ہیں۔ بھارت لائن آف کنٹرول پر غیر قانونی کارروائی کرکے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے جعلی آپریشنز کرنے کی اطلاعات پر اظہار تشویش بھی کیا اور کہا کہ بھارت کو ہر قیمت پر قتل عام سے روکنا ہوگا۔ بھارتی اقدامات سے کشمیر میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہو سکتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کے باعث خوراک اور ادویات کی قلت پیدا ہو چکی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے اٹھائے جانے والے ظالمانہ اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بھارت کے وعدوں کے منافی ہیں۔ دنیا بھارت کو روکنے کے لئے ہنگامی اقدامات کرے، وزیراعظم اور جرمن چانسلر نے خطے میں امن واستحکام کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ انجیلا مرکل کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کشیدگی کم کرنے کے لئے اقدامات کریں۔

install suchtv android app on google app store