میری اور بلاول کی ملاقات نواز شریف اور شہباز شریف کی اجازت سے ہورہی ہے: مریم نواز

مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری فائل فوٹو مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری

مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ میری اور بلاول کی ملاقات میاں نواز شریف اور شہباز شریف کی اجازت سے ہورہی ہے، پارٹی کے تمام فیصلے نواز شریف اور شہباز شریف سمیت پارٹی کے لوگوں سے مشاورت سے کیے جاتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے آج جاتی امرا میں ظہرانہ دینا ہے، جس میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، مصطفی نواز کھوکھر، قمر زمان کائرہ، حسن مرتضی ، چوہدری منظور اور ایاز صادق، پرویز رشید، رانا ثناء اللہ اور محمد زبیر مریم نواز سے ملاقات کریں گے۔

ملاقات میں دونوں جماعتوں کی اعلیٰ ترین سیاسی قیادت کی گرفتاری، ملک کی موجودہ معاشی صورت حال اور حکومت کے خلاف احتجاج کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل کی تشکیل پر بات ہوگی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک سوال کے جواب میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ میری اور بلاول کی ملاقات میاں نواز شریف اور شہباز شریف کی اجازت سے ہورہی ہے، پارٹی کے تمام فیصلے نواز شریف اور شہباز شریف سمیت پارٹی کے دیگر سینیئر رہنماؤں سے مشاورت سے کیے جاتے ہیں اور پارٹی کےاصول اورقواعد و ضوابط کی پاسداری مجھ پر بھی لازم ہے۔

واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے رمضان المبارک میں اپوزیشن جماعتوں کی قیادت کو دعوت افطار پر مدعو کیا تھا، جس میں مریم نواز بھی شریک ہوئی تھیں، یہ دونوں سیاسی رہنماؤں کے درمیان پہلی باضابطہ سیاسی ملاقات تھی۔

install suchtv android app on google app store