سوشل میڈیا پر حال ہی میں گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں معروف انفلوئنسر کین ڈول (عدنان ظفر) نے پنجاب کی ترقی کو وزیر اعلیٰ مریم نواز کے فیشن اسٹائل سے منسلک کر کے صارفین کو حیران کر دیا ہے۔
ویڈیو میں کین ڈول نے کہا کہ وہ علاقہ جس کے وزیر اعلیٰ کا فیشن سِنس اتنا اچھا ہو، وہ ترقی میں بھی سب سے آگے رہتا ہے۔ ان کے اس طنزیہ مگر دلچسپ بیان نے آن لائن صارفین کے درمیان شدید بحث چھڑوا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کین ڈول کا یہ تبصرہ مریم نواز کے صاحب ذادے جنید صفدر کی شادی کی تقریبات کے دوران سامنے آنے والی تصاویر کے بعد آیا، جن میں مریم نواز اور دیگر اہم شخصیات نے شاندار ملبوسات میں شرکت کی۔
مریم نواز نے مہندی میں زرد رنگ کے نوآری لباس اور استقبالیہ میں سبز لباس کے ساتھ ویلنٹینو بیگ پہنا، جس پر سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے متنوع ردِعمل سامنے آیا۔
ویڈیو اور تبصرے پر مختلف صارفین نے اپنی رائے دی، کچھ نے فیشن اسٹائل کی تعریف کی، اور کین ڈول کی بات سے متفق کیا، تو کچھ نے کین ڈول کے طنزیہ مؤقف کو مزاحیہ قرار دیا۔
ماہرین کے مطابق اگرچہ کن ڈول کا مقصد مریم نواز کے فیشن اسٹائل کی تعریف کرنا تھا، تاہم ان کے بیان نے سوشل میڈیا پر فیشن اور حقیقی ترقی کے درمیان تعلق پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔