"ہم روس سے ہتھیار خریدیں گے"، وزیراعظم عمران خان کا مودی سرکار کو زوردار جھٹکا

وزیر اعظم عمران خان اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی فائل فوٹو وزیر اعظم عمران خان اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی

وزیراعظم عمران خان نے روس سے ہتھیاروں کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اس سلسلے میں پاکستان اور روس کی افواج پہلے ہی رابطے میں ہیں۔

روس کے سرکاری ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ان کی روس کے صدر ولادی میر پیوٹن سے بشکیک میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں ملاقات ہوگی جس میں غیر رسمی گفتگو ہوگی۔

پاکستان اور روس کی افواج کے مابین مشترکہ جنگی مشقوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات میں بہتری آئی ہے اور ان میں مزید بہتری کی امید ہے۔ 50، 60 اور 70 کی دہائی کا عرصہ سرد جنگ کی نذر ہوا، اس عرصے میں انڈیا سوویت یونین کے قریب تھا اور پاکستان امریکی کیمپ میں تھا لیکن اب یہ صورتحال نہیں ہے، اب پاکستان اور بھارت دونوں کے ہی امریکہ کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں، اب سرد جنگ جیسی صورتحال نہیں ہے، ہم نے روس کے ساتھ اپنے رابطوں میں بہتری پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔

روسی ہتھیاروں بالخصوص ایس 400 میزائل ڈیفنس سسٹم کی خریداری کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا سب سے پہلے تو ہم یہ امید کرتے ہیں کہ ہمارے انڈیا کے ساتھ تناﺅ میں کمی آئے تاکہ ہمیں ہتھیار خریدنے کی ضرورت ہی نہ پڑے کیونکہ ہم یہی پیسہ انسانی ترقی پر خرچ کرنا چاہتے ہیں، لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ ہم روس سے ہتھیاروں کی خریداری میں دلچسپی رکھتے ہیں ، ہماری فوج پہلے سے ہی روسی فوج سے رابطے میں ہے۔

install suchtv android app on google app store