اپوزیشن جماعتوں نے سیاسی حکمت عملی کیلئے بیٹھک سجا لی

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری  اور مریم نواز فائل فوٹو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز

ملکی معاشی صورت حال اور حکومت کے خلاف حکمت عملی پر غور کے لیے اپوزیشن جماعتیں وفاقی دارالحکومت میں جمع ہو گئی ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے تمام اپوزیشن جماعتوں کو افطار ڈنر کی دعوت دی گئی۔

زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والے افطار ڈنر میں جمعیت علماء اسلام (ف)، عوامی نیشنل پارٹی، مسلم لیگ ن، جماعت اسلامی اور پی ٹی ایم رہنما شریک ہوئے۔

مسلم لیگ ن کا وفد شاہد خاقان عباسی کی قیادت میں زرداری ہاؤس اسلام آباد میں موجود رہا، دیگر رہنماؤں میں مریم نواز، حمزہ شہباز، مریم اورنگزیب اور ایاز صادق شامل تھے۔

جماعت اسلامی کا وفد لیاقت بلوچ کی سربراہی میں افطار ڈنر میں شامل ہوا جب کہ اے این پی کے ایمل ولی خان، زاہد خان اور میاں افتخار حسین بھی افطار ڈنر میں موجود رہے۔

اس کے علاوہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ، حاصل بزنجو، جہانزیب جمالدینی، محسن داوڈ اور علی وزیر بھی افطار ڈنر میں شرکت کے لیے زرداری ہاؤس آئے۔

پی پی اعلامیے کے مطابق اپوزیشن کی بیٹھک میں ملک کی نازک معاشی صورتحال، مہنگائی اور عوام کی مشکلات کے حل میں حکومتی عدم دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کیا، اپوزیشن نے نیب کارروائیوں پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتقامی کارروائیاں قرار دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مستقبل میں اپوزیشن کی مشترکہ حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ایک طرف حق اور سچ اور دوسری طرف جھوٹ ہے، یہ لوگ کس منہ سے عوام کی بات کر رہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ان لوگوں نے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے، یہ لوگ ہی قوم کو مقروض کرنے والے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام ان لوگوں کی چالوں کو سجھتے ہیں، پاکستانی عوام عمران خان اور حکومت کے ساتھ ہیں۔

وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر کا کہنا ہے کہ ن لیگ شریفوں کی ذاتی جائیداد تک محدود ہو گئی ہے۔

حماد اظہر نے مزید کہا کہ شریف خاندان میں میرٹ کا تصور تک موجود نہیں ہے، حمزہ شہباز کی 20 سالہ سیاسی جدوجہد ضائع ہو گئی، مریم نواز نے حمزہ کو سائیڈ لائن کر دیا ہے۔

install suchtv android app on google app store