آصف زرداری نے وزیر خارجہ کی او آئی سی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی مخالفت کر دی

پیپلزپارٹی کے صدر آصف زرداری فائل فوٹو پیپلزپارٹی کے صدر آصف زرداری

قومی اسمبلی کے مشترکہ اجلاس میں پیپلزپارٹی کے صدر آصف زرداری نے اظہار خیال کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری نے پاکستانی پائلٹ حسن صدیقی کو بھارتی طیارہ گرانے پر خراج تحسین پیش کیا۔

پیپلزپارٹی کے صدر آصف زرداری نے وزیر خارجہ کی او آئی سی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے کی مخالفت کردی ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ مودی کا ایڈونچر بھارتی الیکشن کے لیے تھا، وہ بیک فائر کرگیا، جنگ صرف افواج نہیں بلکہ قومیں لڑتی ہیں، بھارت ہمیشہ دھمکیاں دیتا رہتا ہے، ہمیں اپنی معیشت اور طاقت کو مزید مضبوط کرنا ہے۔

سابق صدر نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے کی مخالفت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے یواے ای کے ساتھ مذہبی اور تاریخی تعلقات ہیں، میں نے تجویز بھیجی تھی کہ او آئی سی میں شرکت سے انکار نہ کیا جائے، وزیر خارجہ کو او آئی سی اجلاس میں جانا چاہیے تھا، وزیر خارجہ او آئی سی اجلاس میں جاتے اور وہاں پاکستان کے دوستوں سے ملاقاتیں کرتے، یہ ممالک ہمارے دوست ہیں، اگر ایوان کی منشاء ہے کہ حکومت نہ جائے تو میں کچھ زیادہ نہیں کہوں گا، پاکستان کی حکومت کو دوست ممالک کو انگیج کرنا چاہیے۔

پیپلزپارٹی کے صدر کا کہنا تھا کہ اجلاس میں نہ جانا مسئلےکا حل نہیں، ہمیں دوستوں کو نہیں بھلانا چاہیے، وہاں جاکر بات کریں، دنیا بدل گئی ہے، چاہے وزیرخارجہ بعد میں جائیں، ابھی سیکریٹری خارجہ کو بھیج دیں، موجودہ صورت حال میں پاکستان کواپنے دوستوں کونہیں بھلانا چاہیے۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ موجودہ صورت حال میں روس، چین اور ترکی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، ہمسایہ ممالک کےساتھ تعلقات کو مزید بہتر کرنا چاہیے تاکہ وہ مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑے ہوں۔

پاک بھارت کشیدگی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔

اسپیکر اسد قیصر کی زیرصدارت اجلاس کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اظہار خیال کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 'بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج او آئی سی اجلاس میں شرکت کر رہی ہیں اس لیے میں اجلاس میں نہیں جاؤں گا'۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت اسلامی تعاون تنظیم کا نہ ہی رکن ہے اور نہ ہی اسے مبصر کا درجہ حاصل ہے، اگر بھارت کو او آئی سی میں مبصر کا درجہ دینے کی کوشش کی گئی تو پاکستان مخالفت کرے گا۔

install suchtv android app on google app store