عمران خان اور آصف زرداری کے اثاثوں کی تفصیلات منظر عام پر آ گئیں

عمران خان اور آصف زرداری کے اثاثوں کی تفصیلات منظر عام پر آ گئیں فائل فوٹو عمران خان اور آصف زرداری کے اثاثوں کی تفصیلات منظر عام پر آ گئیں

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اورسابق صدر آصف علی زرداری  کے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثوں کی تفصیلات منظر عام پر آ گئی ہیں۔

میڈیا کو موصول دستاویزات کے مطابق عمران خان نے ذرائع آمدن زراعت، تنخواہ، پنشن اور بینک منافع ظاہر کیا ہے۔

دستاویز کے مطابق عمران خان 168 ایکڑ زرعی زمین کے مالک ہیں جب کہ عمران خان نے غیر ملکی دوروں کی تفصیلات بھی کاغذات نامزد گی میں ظاہر کی ہیں۔

عمران خان نے الیکشن کمیشن میں اپنے گزشتہ برس کے اثاثے 47 لاکھ 76 ہزار 611 روپے آمدن ظاہر کیے ہیں۔

عمران خان نے اپنی تنخواہ 18 لاکھ 991 روپے اور زرعی آمدن 23 لاکھ 60 ہزار روپے ظاہر کی ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے کاغذات میں ظاہر کیا ہے کہ انہوں نے 2015 سے لے کر 2018 تک 28 غیر ملکی دورے کیے ہیں جن میں سے زیادہ تر دورے اسپانسرڈ تھے۔

عمران خان نے گزشتہ سال اپنی آمدن پر ایک لاکھ 3 ہزار 763 روپے ٹیکس ادا کیا ہے۔

انہوں نے اپنی اہلیہ بشریٰ مانیکا اور دو بچوں کو زیر کفالت ظاہر کیا ہے۔

دستاویزات کے مطابق عمران خان کے پاس کوئی ذاتی گاڑی نہیں ہے لیکن زیر استعمال فرنیچر اور دیگر سامان کی مالیت 5 لاکھ اور ان کے پاس موجود جانوروں کی مالیت 2 لاکھ روپے ہے۔

الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق عمران خان نے اسلام آباد میں اپنے دو غیر ملکی اکاؤنٹس بھی ظاہر کیے ہیں۔

عمران خان نے اپنے ایک اکاؤنٹ میں 3 لاکھ 70 ہزار 760 ڈالر اور دوسرے اکاؤنٹ میں 1470 ڈالر ظاہر کیے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق ان کی لاہور اور اسلام آباد سمیت پاکستان میں 14 جائیدادیں ہیں جو انہیں ورثے میں ملی ہیں۔

دستاویزات کے مطابق عمران خان کا پاکستان اور بیرون ملک کوئی کاروبار اور جائیداد نہیں ہے۔

آصف زرداری کے اثاثوں کی تفصیلات

 سابق صدر آصف علی زرداری کے اثاثہ جات کی تفصیلات بھی سامنے آ گئی ہیں۔

سابق صدر آصف علی زرداری حلقہ این اے 213 نواب شاہ سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔

اثانہ جات کی تفصیلات کے مطابق آصف علی زرداری نے ذرائع آمدن زمینداری اور کاروبار ظاہر کیا ہے اور وہ 75 کروڑ 86 لاکھ 69 ہزار 73 روپے کے مالک ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آصف زرداری کسی بھی سرکاری ادارے اور محکمے کے ڈیفالٹر نہیں ہیں۔

دستاویزت کے مطابق آصف زرداری 349 ایکڑ زرعی زمین کے مالک ہیں اور انہوں نے 7399 ایکڑ زرعی زمین ٹھیکے پر لے رکھی ہے۔

آصف زرداری نے 2015 میں زمینداری سے 10 کروڑ 55 لاکھ 60 ہزار روپے اور کاروبار سے 76 لاکھ 66 ہزار روپے کمائے۔

الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق آصف زرداری نے سال 2015 میں 19 لاکھ 5600 ٹیکس ادا کیا۔

سابق صدر نے 2016 میں زراعت سے 11 کروڑ 40 لاکھ 85 ہزار روپے اور کاروبار سے 82 لاکھ 45 ہزار 900 روپے کمائے۔

انہوں نے 2016 میں 21 لاکھ 5 ہزار 565 روپے کا ٹیکس ادا کیا۔

دستاویزات کے مطابق شریک چیئرمین پیپلز پارٹی نے 2017 میں زراعت سے 13 کروڑ 40 لاکھ 16 ہزار 650 روپے اور کاروبار سے 97 لاکھ 51 ہزار 400 روپے کمائے۔

آصف علی زرداری نے سال 2017 میں 26 لاکھ 32 ہزار 490 روپے کا ٹیکس ادا کیا۔

سابق صدر کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے حلف نامے کے مطابق ان کے پاس کوئی غیر ملکی پاسپورٹ نہیں ہے۔

install suchtv android app on google app store