پاکستان کی دفاعی صلاحیت مزید مضبوط، پاک فوج کا فتح-3 سپر سانک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ

پاک فوج نے فتح-3 سپر سانک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا فائل فوٹو پاک فوج نے فتح-3 سپر سانک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا

پاک فوج نے فتح-3 سپرسانک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا، جسے ملکی دفاعی صلاحیتوں کی ترقی میں ایک اور اہم سنگ میل قرار دیا گیا ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق میزائل کے کامیاب تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتح 3 جدید نیوی گیشن اور پروپلشن سسٹم سے لیس سپرسانک کروز میزائل ہے، جو سپرسانک رفتار سے طویل فاصلے تک اہداف کو انتہائی درستگی اور مؤثر انداز میں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فتح 3 کی کامیاب لانچنگ سے پاکستان آرمی کی راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل لچک اور حملہ کرنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا جبکہ ملک کی مجموعی روایتی دفاعی صلاحیت اور ڈیٹرنس بھی مزید مضبوط ہوگی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق میزائل کے کامیاب تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔

فتح 3 کے کامیاب تجربے پر صدر مملکت، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سربراہان نے مبارکباد پیش کی ہے۔

صدر مملکت، وزیراعظم اور عسکری قیادت نے اس اہم دفاعی سنگ میل کے حصول میں کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں، انجینئرز اور دیگر متعلقہ افراد کی پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور عزم کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فتح 3 کا کامیاب تجربہ ملکی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے اور قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کا مظہر ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فتح 3 سپرسانک کروز میزائل کے کامیاب تجربے پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئرز کی کاوشوں کو سراہا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمارے سائنسدانوں اور انجینئرز نے ایک بار پھر قابل فخر کارنامہ انجام دیا ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ فتح 3 سپرسانک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ دفاعی شعبے میں اہم پیش رفت اور ملکی دفاعی صلاحیتوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مایہ ناز سائنسدانوں اور انجینئرز کی پیشہ ورانہ مہارت اور محنت قابل تحسین ہے، پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے فتح 3 کے کامیاب تجربے میں کردار ادا کرنے والے تمام سائنسدانوں، انجینئرز اور متعلقہ افراد کو مبارکباد بھی پیش کی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے 3 نومبر 2026 کو مقامی سطح پر تیار کردہ پہلے فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل ”فاز“ کا کامیاب تجربہ کیا تھا، جدید ٹیکنالوجی سے لیس یہ میزائل طویل فاصلے پر دشمن کے فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

install suchtv android app on google app store